قومی خبریں

کھڑگے کی جلسہ گاہ کے ’شدھی کرن‘ پر کانگریس کا احتجاج جاری، اتراکھنڈ کے ہر ضلع میں مارچ اور ستیہ گرہ

اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ملکارجن کھڑگے کی جلسہ گاہ کے گنگاجل سے ’شدھی کرن‘ کے خلاف کانگریس نے اتراکھنڈ کے ہر ضلع میں مارچ اور ستیہ گرہ کا اعلان کیا ہے۔ کے سی وینوگوپال نے کارکنوں کو ہدایت دی ہے

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس

 

نئی دہلی: اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی جلسہ گاہ کے گنگاجل سے ’شدھی کرن‘ کیے جانے کے واقعے کے خلاف کانگریس کا احتجاج جاری ہے۔ اسی ضمن میں پارٹی کی جانب سے کارکنوں اور لیڈروں کو ریاست کے ہر ضلع میں مارچ اور ستیہ گرہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے پارٹی کارکنوں کو خط لکھ کر جمعہ (آج) 14 اگست کی شام تمام ضلعی کانگریس کمیٹیوں کو احتجاجی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وینوگوپال نے اپنے خط میں کہا کہ حال ہی میں ہلدوانی میں ہندو دائیں بازو کی تنظیموں نے کانگریس کی ریلی کے مقام پر گنگاجل سے مبینہ ’شدھی کرن‘ کی رسم ادا کی۔ ان کے مطابق یہ کارروائی اس تصور کے تحت کی گئی کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی اسٹیج پر موجودگی سے وہ جگہ ’ناپاک‘ ہو گئی تھی اور اس لیے اس کا ’شدھی کرن‘ ضروری تھا۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے اس واقعے کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سوچ مساوات، بھائی چارے، سماجی انصاف اور انسانی وقار جیسی آئینی اقدار کے منافی ہے۔

انہوں نے تمام ضلعی کانگریس کمیٹیوں کو اپنے اپنے علاقوں میں عظیم الشان مارچ نکالنے اور اس کے بعد ستیہ گرہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مارچ ضلعی کانگریس کمیٹی کی قیادت میں نکالا جائے گا اور اس کا اختتام مہاتما گاندھی یا ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی مورتی کے پاس ہوگا۔ اس کے بعد کانگریس کارکن واقعے کے خلاف ستیہ گرہ کریں گے اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

وینوگوپال نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں امتیازی سلوک پر مبنی رسم و رواج اور سوچ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ احتجاجی پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے بلاک کانگریس کمیٹیوں، محاذی تنظیموں، شعبوں، سیل، منتخب نمائندوں، سینئر رہنماؤں اور کانگریس کارکنوں سے مارچ اور ستیہ گرہ میں فعال طور پر حصہ لینے کی اپیل کی۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ ہر ضلع میں بڑے پیمانے پر احتجاج کے ذریعے یہ واضح پیغام دیا جائے گا کہ پارٹی اور ملک کے عوام امتیازی سلوک، چھوا چھوت یا آئین کی جانب سے دی گئی انسانی عزت اور مساوات کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کریں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔