چمولی میں بادل پھٹنے کا واقعہ / آئی اے این ایس
دہرادون: اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں بدھ کی رات بادل پھٹنے کے واقعے نے زبردست تباہی مچا دی۔ یہ حادثہ دو مقامات کنتری اور دھرما گاؤں میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں کئی مکانات زمین بوس ہو گئے اور مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نندانگر نگر پنچایت کے وارڈ کنتری لگاپھالی میں زبردست بارش کے سبب اچانک ملبہ بہہ آیا، جس سے چھ مکانات پوری طرح تباہ ہو گئے۔ اس دوران پانچ افراد لاپتہ ہو گئے، تاہم ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو محفوظ نکال لیا۔ اب بھی تین افراد کی تلاش جاری ہے۔
Published: undefined
اسی کے ساتھ دھرما گاؤں میں بھی بادل پھٹنے کی اطلاع ملی، جہاں مزید پانچ مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور مویشیوں کے بھی ہلاک ہونے کی خبریں ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیا۔ ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیم نندپریاگ پہنچ چکی ہے جبکہ قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی ایک ٹیم گوچر سے نندپریاگ کے لیے روانہ کی گئی ہے۔ دونوں فورسز کی ٹیمیں ملبے میں دبے افراد کو نکالنے اور لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
ریسکیو آپریشن کے ساتھ ساتھ طبی سہولتوں کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) نے بتایا کہ تین 108 ایمبولینسوں کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا سکے۔
Published: undefined
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت پیش آنے والے اس حادثے نے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں دیا، اچانک بہنے والے ملبے نے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق ابھی تک اصل نقصان کا مکمل تخمینہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی واضح صورتحال سامنے آئے گی۔ فی الحال سب سے بڑی ترجیح متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا اور لاپتہ افراد کو تلاش کرنا ہے۔
Published: undefined
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ دیے گئے الرٹ کے مطابق دہرادون، ہریدوار، پوڑی گڑھوال، ٹہری گڑھوال، گھن سولی، شیوپوری، دیوپریاگ، رشی کیش، چمبا، مسوری اور دھنولٹی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ نے لوگوں کو احتیاط برتنے اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ریاستی حکومت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں راحتی کیمپ قائم کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے، تاکہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کو عارضی پناہ اور ضروری سہولتیں دی جا سکیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined