قومی خبریں

اگنی پتھ کے ذریعہ مرکزی حکومت آر ایس ایس کی ذہنیت کو فوج میں داخل کرنا چاہتی ہے: کانگریس

اگنی پتھ منصوبہ کے خلاف سڑکوں پر جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں، کئی مقامات پر تشدد بھی دیکھنے کو مل رہا ہے، بہار اور یوپی وغیرہ ریاستوں سے لگاتار توڑ پھوڑ کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

تصویر ویپن
تصویر ویپن 

اگنی پتھ منصوبہ پر حکومت کو لگاتار گھیرا جا رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں لگاتار اس منصوبہ کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ کانگریس نے ہفتہ کے روز حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ کے پیچھے حکومت کی نیت کچھ الگ ہی ہے۔ حکومت آر ایس ایس کی ذہنیت کو فوج میں داخل کرنا چاہتی ہے۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا کہ ’’حکومت کے نئے منصوبہ کو لے کر ملک کا ماحول دیکھ ہی رہے ہیں۔ حکومت اس منصوبہ کو لانے کی وجہ معاشی بتا رہی ہے، کئی ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد یہ پتہ لگا ہے کہ یہ منصوبہ دکھانے کے لیے معاشی ہے لیکن اصل میں حکومت کی نیت کچھ اور ہی ہے۔ حکومت آر ایس ایس کی ذہنیت کو فوج میں داخل کرنا چاہتی ہے۔‘‘

Published: undefined

پون کھیڑا نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’نوٹ بندی کے دوران 50 دن میں 60 بار تبدیلی کی گئی، جی ایس ٹی کے اندر 10 مہینے میں 376 بار تبدیلی ہوئی اور زراعت سے متعلق سیاہ قانون میں ایک سال ضد پر اڑے رہنے کے بعد پھر پیچھے ہٹنا پڑا۔ سی اے اے ڈھائی سال پہلے لے کر آئے، آپ قانون نہیں بنا پا رہے ہو اور اب اگنی پتھ منصوبہ میں بھی گزشتہ تین دنوں میں تین بار تبدیلیاں ہو چکی ہیں۔ حکومت سے ہم گزارش کریں گے کہ اس منصوبہ کو فوراً واپس لیا جائے۔‘‘

Published: undefined

پون کھیڑا یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ ’’کیا وجہ ہے کہ چار میں سے ایک کو فوج میں رکھیں گے، باقی تین کو آپ واپس بھیج دیں گے؟ حکومت سماج کی فوج کاری کر رہی ہے، اس لیے یہ بہت فکر کی بات ہے۔ ہم آئے دن دیکھتے ہیں کہ امریکہ میں اسکول میں گولیاں چل رہی ہیں۔ حکومت چار میں سے تین نوجوانوں کو سماج میں چھوڑ دیں گے۔ سماج میں کیا حالت ہوگی؟ حکومت کیا چاہتی ہے کہ ہمارے نوجوان گینگ چلائیں؟ جو حال ڈیمونیٹائزیشن نے معیشت کا کیا، یہ وہی ڈیمونیٹائزیشن فوج کا حال کرے گی۔‘‘

Published: undefined

پریس کانفرنس میں کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے اگنی پتھ پر اپنی باتیں رکھتے ہوئے کہا کہ ’’وَن رینک، وَن پنشن کا حکومت نے وعدہ کیا تھا، لیکن آج حقیقت کیا ہے؟ اگر اگنی پتھ منصوبہ نافذ ہو گیا تو وَن رینک، وَن پنشن کا وعدہ ’نو رینک، نو پنشن، صرف ٹینشن، وِداؤٹ ڈائریکشن‘ میں بدل جائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’چار سال بعد اس منصوبہ کے تحت ایک نوجوان سابق فوجی ہو جائے گا، جب کہ 71 سال کا بزرگ یہ کہہ رہا ہے کہ میں ملک کی سروس کروں گا۔ اس لیے نوجوان کو بچا لیجیے۔ جب نوجوان ہی نہیں رہے گا تو ملک نہیں رہے گا۔ کیا مالی بچت کے لیے ہم نوجوانوں کو شہید کر دیں؟‘‘ پرمود کمار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’اتر پردیش میں نوجوانوں پر لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں، کسانوں کی تحریک میں 700 کسانوں کی موت ہوئی تھی، اس کے بعد آپ نے قانون واپس لیا تھا۔ اب کتنے نوجوانوں کی قربانیوں کے بعد اسے واپس لیں گے؟‘‘

Published: undefined

کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے اس موقع پر کہا کہ ’’حکومت کے ایک ایک وزیر جس طرح سے اگنی پتھ اسکیم کے فائدے شمار کرا رہے ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ وہ کچھ فروخت کر رہے ہیں۔ اس زبان کی ذہنیت کو پہچاننے کی کوشش کیجیے۔ وزراء کو پہلے یہ بتانا ہوگا کہ اس منصوبہ کی ضرورت کیا ہے؟ 15 لاکھ روپے ملنے والے تھے اسی اکاؤنٹ میں یہ 20 لاکھ روپے بھی جائیں گے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined