قومی خبریں

مرکز ’ملک سے غداری قانون‘ پر از سر نو غور کے لیے تیار، سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل

مرکزی حکومت نے اپنے حلف نامہ میں سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ حکومت ملک کے مفاد میں فیصلہ لے گی، عدالت کو قانون پر سماعت سے پہلے حکومت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔

سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی 

تعزیرات ہند کی دفعہ 124اے کی ویلیڈیٹی (درستگی) پر منگل کے روز ہونے والی سماعت سے پہلے مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کر دیا ہے۔ مرکز نے کہا ہے کہ ’’سیڈیشن لاء (ملک سے غداری قانون) کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکومت برطانوی دور کے قوانین کی جکڑن دور کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے لگاتار کوششیں ہو رہی ہیں۔ لیکن ملک کی سالمیت کو بنائے رکھنا بھی ضروری ہے۔ سبھی حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ لیا جائے گا۔ فی الحال سپریم کورٹ ملک سے غداری قانون کی ویلیڈیٹی پر سماعت نہ کرے۔‘‘

Published: undefined

مرکزی حکومت نے اپنے حلف نامہ میں یہ بھی کہا ہے کہ ملک ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ منا رہا ہے۔ حکومت کی اعلیٰ سطح پر خود وزیر اعظم ہر شہری کی آزادی اور حقوق انسانی کی حفاظت کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ حکومت اس بات کو بھی جانتی ہے کہ ملک سے بغاوت قانون کو لے کر ماہرین قانون اور دوسرے دانشوروں نے الگ الگ نظریات ظاہر کیے ہیں۔ حکومت ان سبھی نظریات کا احترام کرتی ہے، لیکن سپریم کورٹ 1962 میں کیدارناتھ سنگھ بنام بہار معاملے پر فیصلہ دیتے ہوئے قانون کو درست قرار دے چکا ہے۔

Published: undefined

حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ ملک کی سالمیت کو بنائے رکھنا کافی اہم ہے۔ بیشتر لوگوں کا ماننا ہے کہ ضابطے کے مطابق منتخب حکومت کے تئیں تشدد بھڑکانے، عدم استحکام کی کوشش، ملک کی سالمیت اور خود مختاری کو نقصان پہنچانے کے معاملوں میں نافذ ہونے کے لیے اس قانون کی ضرورت ہے۔ ملک سے غداری قانون کا تجزیہ کرتے وقت اس پہلو پر بھی دھیان دینے کی ضرورت ہے۔

Published: undefined

سپریم کورٹ سے فی الحال سماعت ملتوی رکھنے کی گزارش کرتے ہوئے حکومت نے کہا ہے کہ اس نے 15-2014 سے اب تک 1500 سے زیادہ پرانے قوانین کو ختم کیے ہیں۔ اس سے ایسے 25000 سے زیادہ معاملوں میں ان لوگوں کو مدد ملی ہے جنھیں ان قوانین کی بنیاد پر کوئی حکم دیا گیا تھا۔ غیر ضروری قانونی دفعات کا جائزہ لے کر انھیں جرم کے دائرے سے باہر کرنے کا عمل اب بھی جاری ہے۔ لیکن غداریٔ وطن قانون کا معاملہ ان سب سے علیحدہ ہے۔ اس کی حمایت اور مخالفت میں الگ الگ نظریات ہیں۔ حکومت ملک کے مفاد میں فیصلہ لے گی۔ عدالت کو قانون پر سماعت سے پہلے حکومت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined