تصویر سوشل میڈیا
نئی دہلی: معروف ماہرِ تعلیم اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگ چُک کی تنظیم کے خلاف مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے غیر ملکی عطیات سے متعلق مبینہ خلاف ورزیوں کی جانچ شروع کر دی ہے۔ یہ کارروائی وزارت داخلہ کی شکایت کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق فی الحال کوئی باضابطہ ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے مگر تنظیم کے مالی معاملات اور دستاویزات کی باریک بینی سے چھان بین جاری ہے۔
Published: undefined
سونم وانگ چُک نے خود بھی اس جانچ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً دس روز قبل سی بی آئی کی ایک ٹیم ان کی تنظیم ’ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹوز لداخ‘ (ایچ اے آئی ایل) پہنچی تھی۔ ٹیم اپنے ساتھ وزارت داخلہ کا حکم نامہ لے کر آئی تھی اور واضح کیا کہ یہ کارروائی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت پر ہو رہی ہے۔
وانگ چُک نے کہا، ’’ہمیں ٹیم نے بتایا کہ غیر ملکی عطیات سے جڑے ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ ہماری تنظیم ہمیشہ شفاف طریقے سے کام کرتی ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سرگرمیاں عوامی مفاد اور تعلیمی اصلاحات کے لیے ہیں، جنہیں کسی بھی غیر قانونی دائرے میں نہیں لایا جا سکتا۔
Published: undefined
افسران کے مطابق وزارت داخلہ کی شکایت کچھ عرصے سے زیر غور تھی۔ اس شکایت میں تنظیم کے مالی معاملات اور عطیات کے استعمال پر سوال اٹھائے گئے تھے۔ سی بی آئی نے ابتدائی جانچ کے طور پر دستاویزات اور لین دین کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ البتہ ابھی تک کوئی رسمی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لداخ میں ریاستی درجہ اور آئین کی چھٹی شیڈول کے تحت تحفظ کے مطالبے پر تحریک زور پکڑ رہی ہے۔ سونم وانگ چُک اس تحریک کے اہم چہرے ہیں اور حالیہ دنوں میں انہوں نے مقامی سطح پر بڑے پیمانے پر لوگوں کو متحرک کیا ہے۔ گذشتہ ہفتے لیہ میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں چار افراد کی موت ہو گئی تھی اور کئی زخمی ہوئے تھے۔
Published: undefined
کچھ حکومتی نمائندوں نے وانگ چُک پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے بیانات میں بیرونی تحریکوں کا حوالہ دے کر عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم وانگ چُک کا کہنا ہے کہ ان کی جدوجہد آئینی حدود کے اندر رہ کر اور پرامن طریقے سے جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ غیر ملکی عطیات سے متعلق قانون (ایف سی آر اے) کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں آنے والی غیر ملکی فنڈنگ کو شفاف اور منظم طریقے سے استعمال کیا جائے۔ اس قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں تنظیم کی رجسٹریشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
Published: undefined