قومی خبریں

کیا دہلی میں گریپ-4 نافذ ہو گیا ہے؟ سی اے کیو ایم نے واضح کی صورتحال

سی اے کیو ایم نے کہا ہے کہ گریپ-4 نافذ ہونے سے متعلق تمام خبریں غلط ہیں۔ این سی آر میں فی الحال صرف گریپ کا تیسرا مرحلہ جاری ہے اور کسی نئی پابندی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس

 
IANS

قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی بلند سطح کے درمیان کچھ ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ دعویٰ گردش کر رہا تھا کہ حکومت نے گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے چوتھے مرحلے کو نافذ کر دیا ہے۔ اس صورتحال پر کمیشن فار ایئر کوالٹی منیجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام دعوے بے بنیاد ہیں اور اس وقت پورے این سی آر میں صرف گریپ کا تیسرا مرحلہ نافذ ہے۔ کمیشن کے مطابق نہ کسی نئے مرحلے کا اعلان ہوا ہے اور نہ ہی موجودہ نظام میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔

Published: undefined

سی اے کیو ایم نے اپنی وضاحت میں کہا کہ کچھ پلیٹ فارمز پر غیر مصدقہ معلومات اس انداز سے پیش کی جا رہی ہیں جن سے شہریوں میں غلط فہمی اور بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔ کمیشن نے شہریوں، اداروں اور مقامی انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ آلودگی سے متعلق کسی بھی ہدایت، پابندی یا مرحلے کی تبدیلی کے بارے میں صرف کمیشن کے سرکاری اعلانات، نوٹیفکیشن اور پریس ریلیز پر ہی انحصار کیا جائے۔ کمیشن کے مطابق غیر مستند خبروں کا پھیلاؤ عملی تیاریوں اور انتظامی فیصلوں میں الجھن پیدا کرتا ہے، جس کا براہ راست اثر عوامی سطح پر ہونے والے اقدامات پر پڑتا ہے۔

یاد رہے کہ 11 نومبر کو دہلی اور این سی آر کے متعدد اضلاع میں گریپ کا تیسرا مرحلہ نافذ کیا گیا تھا، جو اس وقت استعمال میں لایا جاتا ہے جب فضائی معیار ’سیویئر‘ یعنی شدید آلودہ سطح تک پہنچ جائے۔ تیسرے مرحلے کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں، صنعتی کاموں اور مخصوص زمرے کی گاڑیوں پر مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں تاکہ فضا میں شامل ہونے والے ذرات اور آلودہ مادوں کے اخراج کو کم کیا جا سکے۔

Published: undefined

تیسرے مرحلے کے نفاذ کے بعد نوئیڈا میں میٹرو، اسپتالوں اور فلائی اوور سے متعلق ضروری سرکاری تعمیراتی منصوبوں کو چھوڑ کر تمام غیر ضروری تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی مقامات سے اٹھنے والی دھول فضا میں ذراتی آلودگی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، اس لیے پابندی ناگزیر تھی۔ شہر میں بی ایس-3 پٹرول اور بی ایس-4 ڈیزل والی چار پہیہ گاڑیوں کے استعمال پر بھی روک جاری ہے۔

اس کے علاوہ نوئیڈا میں آر ایم سی پلانٹ، اسٹون کرشر اور عمارتوں کے انہدام سے متعلق سرگرمیوں کو بھی اگلے حکم تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ذرائع فضا میں پی ایم 10 اور پی ایم 2.5 کی بڑی مقدار شامل کرتے ہیں، جو صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔

Published: undefined

سی اے کیو ایم نے کہا کہ اگر مستقبل میں کسی مرحلے کے اضافے یا تبدیلی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس کی باضابطہ اطلاع کمیشن ہی فراہم کرے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آلودگی میں کمی کے لیے تعاون جاری رکھیں۔

Published: undefined