قومی خبریں

داؤد ابراہیم کے بھنڈی بازار واقع آبائی گھر پر چلا بی ایم سی کا بلڈوزر، عمارت سے ایک مسجد بھی ہے منسلک

اطلاعات کے مطابق عمارت کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ دیواروں اور چھت کے گرنے کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے اور کسی بھی وقت بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے ’سی-1‘ گریڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>داؤد ابراہیم کے آبائی گھر کو منہدم کرتے ہوئے بی ایم سی اہلکار، ویڈیو گریب</p></div>

داؤد ابراہیم کے آبائی گھر کو منہدم کرتے ہوئے بی ایم سی اہلکار، ویڈیو گریب

 

مہاراشٹر کے ممبئی میں انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھنڈی بازار واقع پرانے گھر (مسافر خانہ) پر بی ایم سی نے بلڈوزر چلانے کارروائی شروع کر دی ہے۔ خستہ حال اور خطرناک ہو چکی عمارت کو منہدم کیا جا رہا ہے تاکہ اس سے کسی کو نقصان نہ پہنچے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس عمارت سے ایک مسجد بھی منسلک ہے، جس کی وجہ سے لوگوں میں اس کارروائی کو لے کر ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حالانکہ بی ایم سی نے واضح کیا ہے کہ پوری مسجد کو نہیں گرایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکموڈیا اسٹریٹ واقع عمارت انتہائی پرانی اور خستہ حال ہو چکی ہے۔ اس کو منہدم کیے جانے کی خبر ملنے کے بعد مقامی لوگوں کی مخالفت دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے پورے علاقے کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بی ایم سی نے اس عمارت کو ’سی-1‘ زمرے میں رکھا ہے، جس میں بوسیدہ اور خطرناک عمارتوں کو رکھا جاتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عمارت کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ دیواروں اور چھت کے گرنے کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے اور کسی بھی وقت بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے ’سی-1‘ گریڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ جمعرات کو عمارت کے خستہ حال حصے کو گرایا جائے گا، جس کی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ لوگوں کی مخالفت کے پیش نظر موقع پر بھاری تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔ لوگوں نے اس عمارت سے منسلک مسجد کو توڑنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے، جس پر پولیس نے یقین دلایا ہے کہ مسجد کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ حالانکہ اس کا کچھ حصہ توڑ پھوڑ کی زد میں آنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کئی لوگوں نے اس لیے بھی ناراضگی ظاہر کی ہے کہ یہ عمارت داؤد ابراہیم کا آبائی گھر ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی کی مسافر خانہ عمارت طویل عرصہ سے زیر بحث رہی ہے۔ ایک طرف عمارت کی خستہ حالی اور اس کے گرنے کا خطرہ، دوسری طرف مسجد سے وابستہ ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ انتہائی حساس بن چکا ہے۔ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بی ایم سی اور پولیس نے خاص انتظامات کیے ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ حکام کے مطابق آس پاس رہنے والوں اور مقامی لوگوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے صبح سے ہی انہدامی کارروائی شروع کر دی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔