قومی خبریں

بی جے پی اپنے قائدین کو بچانے کے لیے الیکشن کمشنر کا دفاع کر رہی ہے: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے لیے انتخابات میں دھاندلی کی ہے، تو ظاہر ہے وہ اپنے اقدامات کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرے گا۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>

پرینکا گاندھی، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia

 

الیکشن کمیشن پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان کانگریس جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی الیکشن کمشنر کا دفاع کرنے کے بہانے دراصل اپنی قیادت کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی الیکشن کمشنر جمہوریت کے خلاف اتنے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہا ہے تو یہ عملی طور پر ناممکن ہے کہ اسے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی مکمل حمایت حاصل نہ ہو۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے یہ باتیں کیرالہ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

پرینکا گاندھی نے الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے ساتھ مل کر انتخابات میں دھاندلی کرنے اور انتخابی عمل کو متاثر کرنے میں مدد دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے لیے انتخابات میں دھاندلی کرنے میں مدد کی ہے تو ظاہر ہے کہ وہ اپنے اقدامات کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات سے پہلے الیکشن کمیشن کی جانب سے کیے جانے والے پراعتماد دعوے اور نشستوں کی تعداد سے متعلق پیش گوئیاں بھی اس معاملے میں توجہ طلب ہیں۔

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ ملک کی عوام بی جے پی سے اتنے خوش نہیں ہیں جتنا کہ انتخابی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے۔ عوام کے درمیان جو باتیں سننے کو ملتی ہیں، وہ ایک طرف ہیں، جبکہ انتخابات کے نتائج بالکل مختلف تصویر پیش کرتے ہیں۔ پرینکا کے مطابق عوام کے درمیان پائی جانے والی رائے اور انتخابی نتائج کے درمیان اس فرق پر سوال اٹھنا فطری ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ راہل گاندھی نے فوری طور پر جو مطالبہ کیا ہے، وہ یہ ہے کہ گیانیش کمار اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد ’انڈیا‘ کا اس معاملے میں موقف بالکل واضح ہے اور اتحاد میں شامل ہر پارٹی اور ہر لیڈر اس بات پر متفق ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ مکمل طور پر غیر قانونی، غیر آئینی اور ملک و جمہوریت کے خلاف ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات میں ملوث افراد کو جوابدہ بنانا ضروری ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ الیکشن کمشنر کو حاصل قانونی تحفظات کو ختم کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق بی جے پی حکومت نے یہ قانونی تحفظات الیکشن کمشنر کو اس طرح تحفظ فراہم کرنے کے لیے قائم کیے ہیں کہ وہ چاہے کچھ بھی کریں، ان کے خلاف کارروائی نہ ہو سکے۔ ان تحفظات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غیر قانونی اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے واضح لفظوں میں کہا کہ اگر کوئی شخص ملک اور آئین کے خلاف غیر قانونی اقدامات میں ملوث ہے تو اسے اس کے مجرمانہ اعمال کے لیے مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے۔ پرینکا نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ الیکشن کمشنر کے تحفظ کے لیے کھڑی ہے، لیکن اس کے پیچھے اصل مقصد اپنی قیادت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اگر الیکشن کمشنر کے خلاف لگائے گئے الزامات درست ہیں تو ان کے پیچھے اعلیٰ قیادت کی حمایت کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں ذمہ دار افراد کی نشاندہی کی جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔