
مدھیہ پردیش کانگریس کے میڈیا کوآرڈینیٹر نریندر سلوجا نے الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاست گیر تحریک سے ثابت ہو گیا ہے کہ بی جے پی ریاست کے عوام کے نہیں، بلکہ مافیاؤں کے حق میں ہے۔
مسٹر سلوجا نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعلی کمل ناتھ کی ہدایت پر ریاست میں خوف سے آزاد ریاست، مافیاسے آزاد ریاست مہم زوروں سے چل رہی ہے۔ مافیا کے خوف سے متاثرین کو انصاف دلانے کا کام جاری ہے۔ پوری ریاست کے عوام اس کارروائی سے کافی خوش ہیں اور اس مہم کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں، لیکن بی جے پی عوامی مفاد کی اس مہم کی حمایت کرنے کی بجائے، اس کی مخالفت کر رہی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے حکومت کی اس مہم کے خلاف آج ریاست کے ضلع ہیڈ کواٹر میں مظاہرہ کیا، جس سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ بی جے پی عوام کے نہیں، بلکہ مافیاؤں کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مافیا سے آزاد مہم کے تحت ابھی تک جتنی بھی کارروائیاں ہوئی ہیں، اس پر بی جے پی جواب دے کہ کس شخص کے خلاف کارروائی کو بی جے پی غلط مان رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی مافیاؤں کی جو فہرست گورنر کو دینے کی بات کر رہی ہے، وہ فہرست عام کرے۔ اگر بی جے پی کی فہرست میں کسی بھی مافیا کا نام ہو گا، تو اس پر منصفانہ طریقے سے کارروائی کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔