قومی خبریں

بہار میں ای ووٹنگ کی شروعات: ملک کی پہلی ریاست جہاں موبائل سے گھر بیٹھے ڈال سکیں گے ووٹ

بہار ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں میونسپل انتخابات میں موبائل کے ذریعے ای ووٹنگ ہوگی۔ یہ سہولت مخصوص رجسٹرڈ ووٹروں کو 28 جون کو فراہم کی جائے گی

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر / آئی اے این ایس

 

پٹنہ: بہار نے ملک کی انتخابی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ ریاست اب ہندوستان کی پہلی ایسی ریاست بننے جا رہی ہے جہاں شہریوں کو موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت دی جائے گی۔ یہ ای ووٹنگ کا عمل ریاستی بلدیہ عام اور ضمنی انتخابات 2025 کے دوران 28 جون کو نافذ کیا جا رہا ہے۔

بہار ریاستی انتخابی کمیشن کے مطابق، جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے انتخابی نظام میں شفافیت، آسانی اور تحفظ کو بڑھایا جا رہا ہے۔ کمیشن نے بتایا کہ اس ای ووٹنگ نظام کو متعارف کرانے کا مقصد ووٹروں کو آسان اور محفوظ طریقے سے رائے دہی کا حق دلانا ہے۔

Published: undefined

ریاستی انتخابی کمشنر دیپک پرساد نے کہا، ’’ہماری کوشش رہی ہے کہ ہر ووٹر کو آزاد، منصفانہ، شفاف، جوابدہ اور آسان ووٹنگ کا تجربہ حاصل ہو۔ اسی مقصد کے تحت ای ووٹنگ کی اختیاری سہولت شروع کی گئی ہے، جس کے تحت رجسٹرڈ ووٹرز موبائل ایپ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے۔‘‘

ای ووٹنگ کے لیے پچھلے دنوں ریاستی انتخابی کمیشن نے تمام ضلع انتخابی افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تکنیکی اور عملی پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

Published: undefined

ای ووٹنگ کے تحت مجموعی طور پر 51157 ووٹرز نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ ان میں زیادہ تر بزرگ شہری، جسمانی طور پر معذور افراد، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد، حاملہ خواتین اور ریاست سے باہر مزدوری کرنے والے شہری شامل ہیں۔ ان رجسٹرڈ ووٹرز کو 28 جون کو گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعہ ووٹ ڈالنے کی سہولت میسر ہوگی۔

بہار کی مختلف میونسپلٹیوں میں یہ انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جن میں پٹنہ، مشرقی چمپارن، روہتاس، گیا، بکسر، بانکا، سارن اور سیوان شامل ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ ای ووٹنگ کے رجسٹریشن بکسر ضلع سے ہوئے ہیں۔

Published: undefined

کمیشن کا ماننا ہے کہ ای ووٹنگ کے استعمال سے نہ صرف ووٹر کی سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ انتخابی نظام کو مزید شفاف اور محفوظ بھی بنایا جا سکے گا۔ اس نظام کے تحت ووٹروں کو لمبی قطاروں میں کھڑا ہونے، پولنگ مراکز پر جانے یا دیگر جسمانی زحمتوں سے نجات ملے گی۔

ریاستی انتخابی کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت بالکل اختیاری ہے اور صرف وہی لوگ اسے استعمال کریں گے جو پیشگی رجسٹریشن کرائیں گے۔ ای ووٹنگ کے ذریعے بہار نہ صرف اپنے ووٹروں کو جدید سہولت فراہم کر رہا ہے بلکہ ملک بھر کے لیے ایک قابل تقلید مثال بھی قائم کر رہا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined