
تیجسوی یادو / ویڈیو گریب
بہار اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے دوران راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور مہاگٹھ بندھن کی جانب سے وزیراعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو نے اتوار کو مکامہ میں ایک عظیم الشان انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی لڑائی غریبی، بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی، پلاین (نقل مکانی) اور مجرموں کے خلاف ہے۔ انہوں نے مکامہ کی عوام سے آر جے ڈی امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ مکامہ میں جمع عوام کا جوش اور جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اب بہار میں تبدیلی طے ہے۔ انہوں نے کہا، ’’این ڈی اے کو 20 برس ملے، مگر وہ بہار کی تقدیر نہیں بدل سکے۔ جو وہ 20 برس میں نہ کر سکے، ہم 20 مہینے میں کر دکھائیں گے۔‘‘
Published: undefined
آر جے ڈی رہنما نے اپنی سابقہ حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے 17 مہینے میں پانچ لاکھ نوکریاں دیں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار پوچھتے تھے کہ پیسہ کہاں سے آئے گا، نوکریاں کہاں سے دوں گا؟ ہم نے کر کے دکھایا۔ میری عمر کم ہو سکتی ہے مگر میری زبان پکی ہے۔‘‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں صرف 20 مہینے کا موقع دیا جائے تاکہ بہار کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کی حکومت میں ہر گھر کو روزگار ملے گا، تعلیم کا معیار بلند ہوگا اور کسانوں کی آمدنی دوگنی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہار کو ایسا صوبہ بنانا چاہتے ہیں جہاں کسی کو باہر روزگار کی تلاش میں نہ جانا پڑے۔
Published: undefined
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا، ’’میں ڈرا ہوا نہیں ہوں۔ میں بہاری ہوں اور ’ایک بہاری سب پر بھاری‘ ہے۔ میں لالو پرساد یادو کا بیٹا ہوں، مودی اور شاہ سے ڈرنے والا نہیں۔‘‘ انہوں نے جوش بھرے انداز میں کہا، ’’طوفان سے لڑنے کا مزہ ہی کچھ اور ہے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ 14 نومبر کو نتیجے آئیں گے اور 18 نومبر کو ہم حلف لیں گے۔‘‘
قبل ازیں، پٹنہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں قتل و غارت گری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ’مہا جنگل راج‘ جیسی صورتحال ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ این ڈی اے حکومت کے دور میں ہر روز گولیاں چلتی ہیں اور بدعنوانی عام ہو چکی ہے۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ 14 نومبر کو مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے جا رہی ہے اور 18 نومبر کو حلف برداری ہوگی۔ تیجسوی نے اعلان کیا کہ 26 نومبر سے 26 جنوری کے درمیان مذہب یا ذات سے قطع نظر ہر مجرم کو جیل بھیجا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’گجرات میں فیکٹری لگاتے ہیں اور بہار میں وکٹری چاہتے ہیں، یہ نہیں چلے گا۔‘‘ انہوں نے این ڈی اے پر الزام لگایا کہ وہ نوجوانوں کو روزگار دینے میں ناکام رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
تیجسوی نے کہا کہ بہار کے نوجوان اس بار تبدیلی کے لیے تیار ہیں اور مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنانے جا رہے ہیں جو ہر گھر کو سرکاری نوکری دینے کا عزم رکھتی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined