قومی خبریں

بھارت جوڑو یاترا: دن بہ دن عوام میں بڑھتا جا رہا جنون، راہل گاندھی کو کشتی ریس میں شامل دیکھ شرکاء ہوئے جوشیلے

کشتی ریس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے ’’جب ہم سبھی ایک ساتھ مکمل خیر سگالی سے کام کرتے ہیں، تو ایسا کچھ بھی نہیں ہے جسے ہم پورا نہیں کر سکتے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بھارت جوڑو یاترا کا بارہواں دن آج دیر شام ختم ہوا اور اس کے ساتھ ہی بھارت یاتریوں کے لیے تجربات پر مبنی مزید ایک انتہائی مصروف دن کا بھی خاتمہ ہوا۔ بھارت جوڑو یاترا کی بی جے پی لیڈران و کارکنان چاہے جتنی بھی تنقید کریں، لیکن دن بہ دن جس طرح عوام کا جنون اس یاترا کو لے کر بڑھتا جا رہا ہے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔ جہاں سے بھی بھارت جوڑو یاترا کا گزر ہو رہا ہے، وہاں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔ وہ اس یاترا میں شریک بھی ہو رہے ہیں اور موقع ملنے پر اپنے مسائل بھی راہل بریگیڈ سے بتا رہے ہیں۔

Published: undefined

آج اس وقت لوگوں کا جوش دیکھنے لائق تھا جب راہل گاندھی نے ’سنیک بوٹ ریس‘ یعنی کشتی مقابلہ میں حصہ لیا۔ پیر کے روز کیرالہ کے پنمدا جھیل میں یہ کشتی ریس ہوئی جس میں راہل گاندھی کو شامل دیکھ کر اس میں شامل دیگر شرکاء بھی جوشیلے ہو گئے۔ اس کی ویڈیو راہل گاندھی اور کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی شیئر کی گئی ہے جس میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ راہل گاندھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ چپو کے ذریعہ کشتی چلا رہے ہیں۔ ویڈیو کے آخر میں وہ کشتی سے اتر کر سیاحت سے جڑے لوگوں سے بات کرتے ہوئے اور ان کے مسائل جاننے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔ راہل گاندھی نے کشتی ریس کی جو ویڈیو شیئر کی ہے اس کے ساتھ کچھ الفاظ بھی لکھے، جو اس طرح ہیں ’’جب ہم سبھی ایک ساتھ مکمل خیر سگالی سے کام کرتے ہیں، تو ایسا کچھ بھی نہیں ہے جسے ہم پورا نہیں کر سکتے۔‘‘

Published: undefined

اس سے قبل راہل گاندھی نے پیر کی صبح بھارت جوڑو یاترا کے دوران کیرالہ کے الاپوژا واقع وڈکل سمندری ساحل پر ماہی گیروں سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران انھوں نے ان کے مسائل ارو چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ راہل گاندھی نے بڑھتی ایندھن کی لاگت، کم سبسیڈی، گھٹتے مچھلی اسٹاک، نامناسب تعلیمی مواقع اور دیگر ایشوز کے درمیان ماحولیات پر بھی بات چیت کی۔

Published: undefined

بھارت جوڑو یاترا کے دوران مذکورہ بالا سرگرمیاں بھی دیکھنے کو ملیں اور پدیاترا بھی روزانہ کی طرح زبردست بھیڑ کے درمیان آگے بڑھتی رہی۔ آج ایک بار پھر ہزاروں کی تعداد میں لوگ راہل بریگیڈ کے پیچھے چلتے ہوئے دکھائی دیے۔ کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے اس بھیڑ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے ’’یہ وشواس ہے، امید ہے/ حوصلہ ہے، ’انقلاب‘ ہے/ بدلتے بھارت کی تصویر ہے/ پریورتن کا جن سیلاب ہے۔‘‘ ایک ویڈیو رائل گاندھی کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی شیئر کی گئی ہے، جس میں لکھا گیا ہے ’’مہنگے دنوں سے ناطہ توڑو/ اچھے دن کے جملے چھوڑو/ سچے دنوں کے پنّے جوڑو/ بھارت جوڑو، بھارت جوڑو۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined