قومی خبریں

اتر پردیش: بارہ بنکی میں زہریلی شراب نے لی 10 لوگوں کی جان، 12 دیگر زیر علاج

سبھی نے دان ویر سنگھ نامی ایک شخص کی دکان سے شراب خرید کر پی تھی۔ ملاوٹی شراب پینے کی وجہ سے سبھی کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی اور انھیں کچھ بھی نظر آنا بند ہو گیا۔ کئی لوگوں نے گھر پر ہی دَم توڑ دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اتر پردیش کے بارہ بنکی میں زہریلی شراب پینے سے 10 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی۔ معاملہ رام نگر کے رانی گنج کا ہے جہاں زہریلی شراب کی زد میں آ کر کئی گاؤں کے لوگوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ 8 لوگوں کی موت کے بعد سے ہی پورے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ پولس اور آبکاری محکمہ کے افسر موقع پر موجود ہیں۔

اتر پردیش ایکسائز کے وزیر جے پرتاپ سنگھ نے اس واقعہ کے تعلق سے میڈیا کو بتایا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ضلع افسر، 5 پولس پرسونل اور 3 ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ فوری طور پر شروع کر دی گئی ہے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

پولیس نے منگل کو بتایا کہ رام نگر تحت رانی گنج قصبہ میں واقع شراب کی ایک دکان پر کچھ لوگوں نے شراب پی اور گھر آتے ہی انہیں قے اور سر درد کی تکلیف شروع ہو گئی۔ جب تک لوگ سمجھ پاتے اس وقت تک گاؤں میں افرا تفری مچ گئی۔ آناً فاناً میں مقامی انتظامیہ نے بیمار لوگوں کو بنیادی صحت مرکز میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران ایک ہی خاندان کے تین ارکان سمیت دس افرادنے دم توڑ دیا۔

Published: undefined

بارا بنکی کے لیکھ پال سردار بادل نے اس حادثہ کے تعلق سے بتایا کہ ’’مجھے جانکاری ملی ہے کہ رام نگر میں 8 لوگوں کی موت ہو گئی۔ 3 لوگوں کو آج اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جن میں سے ایک کی موت ہو گئی ہے۔‘‘ مقامی انتظامیہ کے مطابق شراب پینے والے تقریباً 12 افراد کو ضلع اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے جس میں کچھ لوگوں کی حالت اب بھی سنگین بنی ہوئی ہے۔ کچھ افراد کو لکھنؤ ٹراما سینٹر بھیجا گیا ہے۔

Published: undefined

واضح رہے کہ مرنے والے سبھی لوگوں نے دان ویر سنگھ نام کے ایک شخص کی دکان سے شراب خرید کر پی تھی۔ ملاوٹی شراب پینے کی وجہ سے سبھی لوگوں کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی اور انھیں کچھ بھی نظر آنا بند ہو گیا۔ اس کے بعد کئی نے تو گھر میں ہی دَم توڑ دیا اور کئی لوگوں کو قریب کے ہی ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ منگل کی صبح تک 10 لوگوں کی دردناک موت کی خبر مل چکی ہے جس سے علاقے میں سراسیمگی کا ماحول ہے۔

Published: undefined

واقعہ کی خبر ملتے ہی موقع پر پولس اور آبکاری محکمہ کے افسر پہنچ گئے۔ پولس پورے معاملے کی تحقیق میں مصروف ہو گئی ہے۔ زہریلی شراب سے ہونے والی اموات کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں اسی سال فروری میں زہریلی شراب پینے سے کئی لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ فروری میں سہارنپور میں زہریلی شراب پینے سے کم و بیش 50 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined