قومی خبریں

ایشین گیمز 2026: ہندوستانی خواتین ٹیم نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 114 رنز سے ہرایا، فائنل میں سری لنکا سے مقابلہ

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل مقابلہ منگل کو ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے شروع ہوگا۔ سری لنکا نے اتوار کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی خواتین ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

ہندوستانی خواتین ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس

 

ایشین گیمز 2026 کے خواتین کرکٹ ایونٹ میں ویمنز ایشیا کپ 2026 جیسی صورتحال دوبارہ بن گئی۔ ویمنز ایشیا کپ 2026 کی طرح ہی ایشین گیمز 2026 خواتین کرکٹ کا فائنل مقابلہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ اتوار (20 ستمبر) کو کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 114 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے سلامی بلے باز شفالی ورما کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹ پر 195 رنز بنائے۔ شفالی ورما نے صرف 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ یہ ان کے بین الاقوامی ٹی-20 کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ شفالی نے 49 گیندوں پر 9 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 100 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس سنچری کے ساتھ ہی شفالی نے اسمرتی مندھانا کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ اسمرتی مندھانا نے 2018 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 49 گیندوں پر ہی سنچری بنائی تھی۔

شفالی ورما کے علاوہ اسمرتی مندھانا نے 19 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز، جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 33 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگ کھیلی۔ بنگلہ دیش کے لیے معروفہ اختر، سنجیدہ اختر، رابعہ خان اور ناہیدہ اختر نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ 196 رنز کا ہدف حاصل کرنے اتری بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 15.4 اوور میں 81 رنز پر سمٹ گئی۔ سب سے زیادہ 24 رنز اوپنر دلارا اختر نے بنائے۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے نندنی شرما اور دیپتی شرما نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ سری چرنی کو 2 وکٹیں ملیں۔ کرانتی گوڈ اور شریانکا پاٹل نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف فائنل مقابلہ کھیلے گی۔ فائنل منگل کو ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے شروع ہوگا۔ سری لنکا نے اتوار کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ ایشین گیمز 2026 میں خواتین کرکٹ کے کانسی کے تمغے کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ یہ مقابلہ بھی منگل کو ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 5:30 بجے شروع ہوگا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔