گرجا ویاس کی فائل تصویر، سوشل میڈیا
کانگریس کی سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر گرجا ویاس کا یکم مئی کو احمد آباد میں انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ دراصل گنگور پوجا کے دوران کپڑے میں آگ لگنے سے وہ سنگین طور پر جھلس گئی تھیں۔ تقریباً 90 فیصد تک جلنے کے سبب ان کی حالت لگاتار بگڑتی چلی گئی اور بالآخر انھوں نے احمد آباد کے جائڈس اسپتال میں آخری سانس لی۔ اہل خانہ کے مطابق ان کا جسد خاکی اودے پور لایا جا رہا ہے، جہاں ان کے آخری دیدار اور آخری رسومات کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
ڈاکٹر گرجا ویاس کے انتقال کی خبر سے سیاسی طبقہ میں غم و اندوہ کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت کئی سیاسی لیڈران نے ڈاکٹر گرجا ویاس کے انتقال کی خبر پر اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سابق مرکزی وزیر اور ہماری سینئر لیڈر ڈاکٹر گرجا ویاس جی کے انتقال کی خبر سن کر گہری تکلیف ہوئی۔ تعلیم، سماجی انصاف اور خصوصاً خواتین کی خود مختاری کے شعبہ میں ان کا تعاون بے حد اہم رہا ہے۔ ان کا جانا ہم سبھی کے لیے ایک ناقابل تلافی خسارہ ہے۔ میں اس تکلیف دہ لمحہ میں ان کے اہل خانہ، حامیوں اور خیر خواہوں کے تئیں اپنی گہری ہمدردی ظاہر کرتا ہوں۔‘‘
Published: undefined
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، اشوک گہلوت، سچن پائلٹ، گووند سنگھ ڈوٹاسرا، ٹیکارام جولی سمیت کئی سینئر کانگریس لیڈران نے بھی ڈاکٹر گرجا ویاس کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اشوک گہلوت نے ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سابق مرکزی وزیر و سابق کانگریس ریاستی صدر ڈاکٹر گرجا ویاس کا انتقال ہم سب کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ تعلیم، سیاست اور سماجی خدمت کے شعبہ میں ان کا بڑا تعاون رہا ہے۔ ان کی بے وقت موت اور اس طرح ایک حادثے کا شکار ہو کر جانا ہم سبھی کے لیے گہرا دھچکا ہے۔ میں ایشور سے دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو آرام فراہم کرے۔‘‘
Published: undefined
راجستھان کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تعزیتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مرکزی وزیر رہیں سینئر کانگریس لیڈر و سابق پی سی سی سربراہ ڈاکٹر گرجا ویاس جی کے انتقال کی خبر انتہائی غمناک ہے۔ گرجا جی کا انتقال کانگریس کنبہ کے لیے ناقابل تلافی خسارہ ہے، کانگریس پارٹی اور ریاست کی ترقی میں ان کا تعاون ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘ راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے بھی ڈاکٹر گرجا ویاس کے انتقال کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا اور ان کی روح کو سکون کے لیے دعا کی۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر گرجا ویاس کا سیاسی، سماجی و تعلیمی شعبہ میں بیش قیمت تعاون رہا ہے۔ وہ قومی خاتون کمیشن کی سربراہ رہ چکی تھیں۔ اس کے علاوہ وہ کئی بار لوک سبھا رکن رہیں اور مرکزی حکومت میں وزیر کی شکل میں اہم ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔ تعلیم، خواتین کی خود مختاری اور سماجی انصاف کے لیے ان کے کاموں کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined