
کانگریس کے راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’آمدنی چونّی، خرچا روپیّا!‘ کے عنوان سے ایک طویل پوسٹ کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’مہنگائی سے پورا ملک پریشان ہے، لیکن دیہی ہندوستان پر اس کی مار کہیں زیادہ پڑ رہی ہے۔ وہاں کے لوگ تو شدید پریشانی کا شکار ہیں۔‘‘
ایک اخبار کا تراشا شیئر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے لکھا کہ ’’روزگار کے خاطر خواہ مواقع نہیں ہیں، آمدنی میں اضافہ نہیں ہو رہا اور اوپر سے مہنگائی کے باعث روزمرہ کی ضروریات پر ہونے والا خرچ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ جس دیہی ہندوستان کی آمدنی پہلے سے ہی محدود ہے، وہاں مہنگائی کی مار شہروں سے بھی زیادہ پڑ رہی ہے۔ نتیجتاً گاؤں میں لوگوں کی قوت خرید شہروں کے مقابلے میں مزید کم ہو گئی ہے۔‘‘
جے رام رمیش نے مزید لکھا کہ ’’سوچیے، ایک کسان یا زرعی مزدور کے خاندان کا گزارہ کیسے ہوتا ہوگا؟ نمک، چینی، دال، مصالحے، پیاز اور سرسوں کے تیل جیسی بنیادی غذائی اشیاء سے لے کر ایل پی جی، بچوں کی تعلیم، دواؤں اور آمد و رفت تک، ہر ضرورت پر خرچ بڑھ رہا ہے۔ آسمان چھوتی قیمتیں مسلسل ان کی جیب پر بوجھ ڈال رہی ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’آمدنی رکی ہوئی ہے اور سال بہ سال بے تحاشہ بڑھتی مہنگائی کے باعث اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہی ہے مودی حکومت کا دام-دنڈ!‘‘ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ’’آخر ایک عام خاندان کے پاس اپنی ضروریات میں کمی کرنے یا جیسے تیسے قرض لے کر گھر چلانے کے علاوہ اور کیا راستہ بچتا ہے؟‘‘
کانگریس لیڈر جے رام رمیش کے مطابق مہنگائی کی سب سے زیادہ مار ان طبقات پر پڑتی ہے جو پہلے سے ہی سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ ہیں۔ ان کے پاس نہ مناسب بچت ہے، نہ مستقل روزگار اور نہ ہی معاشی بحران سے نکلنے کے وسائل۔ ایسے خاندانوں کے سامنے روزی روٹی، سماجی تحفظ اور باعزت زندگی گزارنے کا سنگین بحران کھڑا ہو گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’مزید یہ کہ دیہی روزگار کی ریڑھ کی ہڈی رہی منریگا کو مودی حکومت نے ختم کر دیا ہے۔ منریگا دیہی غریبوں کو قانون کے ذریعے ملا روزگار کا حق تھا اور مشکل وقت میں ان کی روزی روٹی کا ایک اہم حفاظتی ڈھال بھی تھا۔ مودی حکومت نے اس نظام کو کمزور کر کے دیہی غریبوں کے روزگار کے تحفظ کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔‘‘
پوسٹ کے آخر میں جے رام رمیش نے مودی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’دیہی ہندوستان اس صورتحال سے سخت ناراض ہے۔ راجستھان کے حالیہ پنچایتی راج انتخابات میں اس تکلیف اور ناراضگی کا اظہار بھی دیکھنے کو ملا، جہاں ڈبل انجن والی حکومت کو زبردست جھٹکا لگا۔ آنے والے انتخابات میں بھی مہنگائی، بے روزگاری اور آمدنی میں کمی کے باعث بی جے پی کو ایسے مزید جھٹکے لگیں گے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔