قومی خبریں

اکھلیش یادو کا بی جے پی حکومت پر حملہ، 26 ہزار بند اسکول دوبارہ کھولنے کا وعدہ

سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر ہزاروں اسکول بند کرنے، بدعنوانی اور امن و امان کی خراب صورتِ حال کا الزام لگایا۔ انہوں نے اقتدار میں آنے پر اسکول دوبارہ کھولنے کا وعدہ کیا

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو / آئی اے این ایس</p></div>

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس

 
IANS

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں بند کیے گئے 26 ہزار اسکول ایس پی کی حکومت بننے پر دوبارہ کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں زیادہ تر پی ڈی اے سماج (پسماندہ، دلت آدیواسی اور اقلیتی) کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، اس لیے اقتدار میں آنے پر انہیں آبادی کے تناسب سے حقوق اور سیاسی حصہ داری دی جائے گی۔ خیال رہے کہ سماجوادی پارٹی حکومت پر بارہا یہ الزام عائد کرتی رہی ہے کہ ریاست میں 26 ہزار اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

پارٹی ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا اور سرکاری اسکولوں کا تحفظ ایس پی کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ ان کا الزام تھا کہ بی جے پی حکومت میں بڑی تعداد میں اسکول بند کیے گئے، جس سے غریب، پسماندہ، دلت اور محروم طبقات کے بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ حکومت کے پاس اب کتنا وقت باقی ہے، یہ سب جانتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایس پی حکومت بننے پر محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کا آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ ترقیاتی کاموں کے نام پر خرچ ہونے والی رقم اور مبینہ بدعنوانی کا پتہ چل سکے۔

انہوں نے خستہ حال سڑکوں کا حوالہ دیتے ہوئے محکمہ آبپاشی میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا بھی وعدہ کیا۔ اکھلیش یادو نے مندروں کے چندے میں بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب ایسے لوگوں کو قبول نہیں کریں گے اور تبدیلی کے منتظر ہیں۔ امن و امان کے معاملے پر انہوں نے الزام لگایا کہ دیگر ریاستوں کے جرائم پیشہ عناصر اتر پردیش میں وارداتیں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مافیا کھلے عام فائرنگ کر رہے ہیں اور بعض واقعات میں 18، 18 راؤنڈ تک گولیاں چلائی گئی ہیں۔

انہوں نے جرائم پیشہ عناصر اور اقتدار کے درمیان ملی بھگت کا بھی شبہ ظاہر کیا۔ اکھلیش نے ریاست میں بدعنوانی عروج پر ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایماندار افسر دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے افسران پر زمینوں پر قبضے اور چندہ جمع کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔