قومی خبریں

راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی بدترین سطح میں داخل، 8 علاقوں میں اے کیو آئی 400 سے تجاوز

دیوالی سے قبل ہی راجدھانی دہلی کی حالت خراب ہو چکی ہے۔ پٹاخے جلائے بغیر ہی راجدھانی کی ہوا زہریلی ہو گئی ہے۔ لوگوں کو نہ صرف سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے، بلکہ بیمار بھی پڑنے لگے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس

 
IANS

راجدھانی دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) بدترین سطح میں داخل ہو چکا ہے۔ اس سال دیوالی سے قبل ہی ملک کی راجدھانی دہلی کی حالت خراب ہو چکی ہے۔ پٹاخے جلائے بغیر ہی راجدھانی کی ہوا زہریلی ہو گئی ہے۔ لوگوں کو نہ صرف سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے، بلکہ یہاں کی آلودہ ہوا نے لوگوں کو بیمار کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ آج دہلی کے کئی علاقوں میں اے کیو آئی (فضائی معیار کا اشاریہ) 400 سے تجاوز کر چکا ہے اور انتہائی سنگین زمرے میں پہنچ گیا۔

ریاست میں فضائی آلودگی کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو منگل کے روز راجدھانی کے علی پور میں اے کیو آئی 413 درج کیا گیا۔ اسی طرح بوانا میں 408، ڈی ٹی یو دہلی میں 407، جہاںگیر پوری میں 449، نریلا میں 406، پنجابی باغ میں 424، روہنی میں 429، وویک وہار میں 410، چاندنی چوک میں 354، پوسا میں 394، پٹپڑ گنج میں 379، آئی ٹی او میں 373، آر کے پورم میں 374، آئی آئی ٹی میں 369 اور نارتھ کیمپس، ڈی یو میں 386 اے کیو آئی درج کیا گیا ہے۔ اسی طرح اشوک وہار میں 350، مدوریکا میں 396 اور آنند وہار میں اے کیو آئی 278 درج کیا گیا۔ آج اگر مکمل راجدھانی کے اوسط اے کیو آئی پر غور کریں، تو وہ 331 ہے، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ مسلسل بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیش نظر ہی پیر سے دہلی میں گریپ-2 کی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔

اب فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے آج سے قوانین مزید سخت ہو جائیں گے۔ دہلی میں آلودگی کے پیش نظر یکم نومبر سے سرمائی ایکشن پلان نافذ ہے اور اب گریپ-2 بھی نافذ ہو گیا ہے۔ آس پاس کے شہروں سے آنے والی ایسی گاڑیوں کو، جو مقررہ ضوابط پر پوری نہیں اترتی ہیں، ریاست میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ دہلی میں بی ایس-6 سے کم معیار والی باہر سے آنے والی تمام گاڑیوں کو سرحد سے ہی واپس بھیجا جا رہا ہے۔ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی اور لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دہلی میٹرو آج سے ہفتے تک 20 اضافی چکر لگائے گی۔ اس کے بعد اس کے نیٹورک پر اضافی چکروں کی مجموعی تعداد 40 ہو جائے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔