
کانگریس نے مدھیہ پردیش کے ’راجیو گاندھی پرودیوگیکی وشوودیالیہ‘ (آر جی پی وی) میں مبینہ طور پر سوالنامہ چوری ہونے کے معاملہ میں مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی حکومت کے دور میں اب صرف ’پیپر لیک‘ ہی نہیں بلکہ ’پیپر چوری‘ کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں، جس سے طلبا کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔
Published: undefined
کانگریس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے ’آر جی پی وی‘ میں امتحان شروع ہونے سے عین قبل سوالنامہ مبینہ طور پر چوری ہو گیا، جس کے بعد متعلقہ امتحان منسوخ کر دیا گیا۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’بی جے پی حکومت میں ’پیپر لیک‘ کے بعد اب ’پیپر چوری‘ بھی ہونے لگی ہے۔ مدھیہ پردیش کے راجیو گاندھی پرودیوگیکی وشوودیالیہ میں امتحان سے ٹھیک پہلے سوالنامہ ہی چوری ہو گیا، جس کے باعث امتحان منسوخ کرنا پڑا۔‘‘ پارٹی نے مزید لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کی ناکارہ حکومت اور اس کا ناقص نظام نئے نئے طریقوں سے طلبا کا مستقبل تباہ کر رہا ہے اور ان کی محنت و خوابوں کو روند رہا ہے۔‘‘
Published: undefined
کانگریس نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ نوجوان ان واقعات کو کبھی معاف نہیں کریں گے اور حکومت کو طلبا کے مستقبل کے ساتھ مبینہ کھلواڑ کا جواب دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ کانگریس نے یہ ردعمل ’نیوز 18‘ کی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ظاہر کیا ہے، جس میں سوالنامہ چوری ہونے کے بعد امتحان منسوخ کیے جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined