
آج صبح سویرے ملک کے کئی علاقوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پہلے ملک کی قومی راجدھانی دہلی میں 4.0 شدت کا زلزلہ آیا، جس سے دہلی این سی آر کے لوگوں میں زبردست خوف و دہشت کا ماحول قائم ہو گیا۔ اس کے بعد آج صبح 8:02 بجے بہار کے سیوان ضلع میں بھی زلزلہ کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے۔
سیوان میں جیسے ہی زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوئے لوگ خوف سے گھروں سے باہر نکلنے لگے اور دھیرے دھیرے گلیوں میں جمع ہو گئے۔ ریختر اسکیل پر اس زلزلہ کی شدت 4.0 بتائی جا رہی ہے۔ اس کا مرکز زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ یہ 25.93 ڈگری شمالی عرض البلد اور 84.42 ڈگری مشرقی طول البلد پر تھا۔
Published: undefined
دہلی اور بہار کے علاوہ آج صبح 8:54 بجے بنگلہ دیش میں بھی زلزلہ کے جھٹکے سے زمین کانپ اُٹھی۔ بنگلہ دیش میں زلزلہ کی شدت 3٫5 پیمائش کی گئی ہے جبکہ اس کا مرکز زمین سے 10 کلومیٹر نیچے واقع تھا۔ این سی ایس کے مطابق بنگلہ دیش میں آئے زلزلے کا عرض البلد 28.86 ڈگری اور طول البلد 91.94 درج کیا گیا۔
ابھی تک کی اطلاع کے مطابق دہلی، بہار اور بنگلہ دیش میں زلزلہ کے جھٹکوں سے کسی بھی طرح کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ لیکن لوگوں کے درمیان دہشت و خوف کا ماحول ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ممکنہ جھٹکوں کے پیش نظر لوگوں سے احتیاط برتنے اور ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ اس سے پہلے 7 جنوری کو بہار کے 9 ضلعوں میں ایک ہی دن میں تین مرتبہ زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ریختر اسکیل پر پہلی بار اس کی شدت 7.1 تھی، دوسری بار 3.5 اور تیسری بار 3.1 پیمائش کی گئی تھی۔ پٹنہ، جہان آباد، موتیہاری، گوپال گنج، دربھنگہ، مدھوبنی، سمستی پور اور سوپول و کشن گنج میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined