میڈیا سے خطاب کرتی ہوئیں، کانگریس لیڈر میناکشی نٹراجن (ویڈیو گرایب)
سپریم کورٹ نے کانگریس لیڈر میناکشی نٹراجن کی اس عرضی کو آج خارج کر دیا، جس میں انھوں نے راجیہ سبھا امیدواری کے لیے پرچۂ نامزدگی ریٹرننگ افسر کے ذریعہ نامنظور کیے جانے کو چیلنج کیا تھا۔ جمعہ کو اس معاملے میں سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ ایک بار انتخابی عمل شروع ہو جانے کے بعد عدالتی مداخلت کی حدیں طے ہو جاتی ہیں اور اس مرحلہ میں عدالت مداخلت نہیں کر سکتی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر اس معاملے میں سماعت ہوئی تو نئی روایت شروع ہو جائے گی۔
سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کو میناکشی نٹراجن کے لیے ایک بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی عرضی مسترد کرتے ہوئے عدالت نے انتخابی عمل جاری رکھنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے میناکشی نٹراجن معاملے میں حکم سناتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام دلائل پر غور کیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے بتایا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار نے نامزدگی فارم نامکمل بھرا ہے اور اپنے خلاف زیر سماعت شکایتی مقدمے کی معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے اس مقدمے میں تحریری دلائل جمع کرائے تھے، لہٰذا انہیں اس معاملے کی مکمل معلومات تھیں۔
درخواست گزار نے ریٹرننگ افسر کے حکم کے خلاف الیکشن کمیشن آف انڈیا سے رجوع کیا تھا، لیکن تحریری درخواست دینے اور 10 جون کو مکمل الیکشن کمیشن کے سامنے ذاتی طور پر دلائل پیش کرنے کے باوجود کمیشن نے کوئی حکم جاری نہیں کیا۔ دوسری جانب درخواست گزار کی طرف سے ابتدائی مرحلے میں ہی کہا گیا کہ آئین ہند کے آرٹیکل 329(بی) کے تحت عائد پابندی (اسٹے) اس معاملے پر نافذ نہیں ہوتی، کیونکہ درخواست گزار انتخابی عمل کو منصفانہ اور شفاف انداز میں مکمل کرانا چاہتی ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عرضی دائر کرنے کا مقصد انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنا نہیں ہے۔ اس معاملے میں عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 33 اے کا بھی حوالہ دیا گیا، جس کے مطابق صرف ایسے زیر التوا مقدمات کی معلومات دینا ضروری ہے جن میں 2 سال سے زیادہ سزا کی گنجائش ہو اور جن میں فرد جرم عائد ہو چکی ہو۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined