سوشل میڈیا
جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں واقع کوجو او پی علاقہ ہفتہ کے روز ایک اندوہناک حادثہ میں سی سی ایل (سینٹرل کول فیلڈز لمیٹڈ) کے کرما پروجیکٹ کی کھلی کوئلہ کی کان میں اچانک مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔ ایک زخمی کا پاؤں بری طرح متاثر ہوا ہے، جبکہ ایک خاتون کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔
Published: undefined
یہ تمام افراد مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے کوئلہ نکالنے کے لیے کان میں داخل ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد موقع پر مقامی لوگ بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور زخمیوں کو باہر نکال کر فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ ایک شخص کو ملبے سے نکالنے کے لیے جے سی بی اور شاول مشین کا سہارا لیا گیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ مقامی رہائشیوں اور جھارکھنڈ لیبر کسان منچ (جے ایل کے ایم) کے کارکنان نے سی سی ایل انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات مناسب طریقے سے کیے گئے ہوتے تو یہ سانحہ پیش نہ آتا۔ مظاہرین نے کہا کہ کام کے چاروں طرف ہائی وال اور دو فٹ اونچی وائر فینسنگ ہونی چاہیے تھی، جو وہاں موجود نہیں تھی۔
Published: undefined
جے ایل کے ایم کے مرکزی جنرل سکریٹری روی مہتو نے بتایا کہ وہ اس واقعے کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ایل انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ ردعمل نہیں آیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کان میں کسی قسم کی سیفٹی موجود نہیں ہے اور یہ حادثہ انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے۔
حادثے کے بعد مشتعل مقامی افراد نے کرما پروجیکٹ کے دفتر کے گیٹ کے سامنے لاش رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ مرنے والوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے اور اس وقت تک لاشیں نہیں ہٹائی جائیں گی جب تک یقین دہانی نہیں کرائی جاتی۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے تاکہ حالات قابو میں رہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined