قومی خبریں

شہریت قانون مظاہرہ: پھلواری شریف میں فائرنگ کرنے والے 3 ’شرپسند‘ گرفتار!

حالات کا جائزہ لینے کے لئے پٹنہ کے سینئر ایس پی اوپیندر شرما پھلواری شریف پہنچ چکے ہیں۔ انھوں نے فائرنگ کے مقام کا دورہ کر وہاں موجود لوگوں سے بات چیت بھی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پھلواری شریف کے عیسیٰ پور واقع پائپ لائن روڈ کے قریب جمعہ کی شب مبینہ طور پر ہوئی تین راؤنڈ فائرنگ معاملہ میں پولس نے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولس ذرائع سے حاصل ہو رہی خبروں کے مطابق گرفتار لوگوں کے نام سوربھ عرف اتل، کندن کمار اور راہل ہیں۔ سوربھ اور کندن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ اس فائرنگ واقعہ میں شامل تھے جب کہ راہل کو شبہ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔

Published: 15 Feb 2020, 1:30 PM IST

بتایا جا رہا ہے کہ رات تقریباً ساڑھے دس بجے پھلواری شریف میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف گزشتہ 28 دنوں سے دھرنے پر بیٹھے مظاہرین میں افرا تفری مچ گئی جب کسی نے مبینہ طور پر تین راؤنڈ فائرنگ کی۔ اس واقعہ سے دہشت کا ماحول علاقے میں پیدا ہو گیا تھا اور خبر ملنے کے بعد فوری طور پر پولس بھی وہاں پہنچ گئی تھی۔ پولس ذرائع نے شروعاتی جانچ کے بعد کچھ میڈیا والوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ 3 موٹر سائیکل پر 7 شرپسند عناصر سوار تھے جو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اس واقعہ کی جانچ وہاں موجود سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل ویڈیوز کو سامنے رکھ کر ہو رہی ہے۔

Published: 15 Feb 2020, 1:30 PM IST

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پٹنہ کے سینئر ایس پی اوپیندر شرما پھلواری شریف تھانہ پہنچے اور اس کے بعد اس علاقہ کا بھی انھوں نے دورہ کیا جہاں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف دھرنا پر لوگ بیٹھے ہوئے ہیں اور گزشتہ شب ہوائی فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا۔

Published: 15 Feb 2020, 1:30 PM IST

واضح رہے کہ کچھ لوگ فائرنگ واقعہ کو بہار اسمبلی انتخابات سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ دراصل دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی وزراء اور لیڈروں کے ذریعہ کئی اشتعال انگیز بیانات دئیے گئے تھے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ و شاہین باغ میں ہو رہے شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہرے میں فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعہ ووٹ پولرائز کرنے اور ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ اب بہار اسمبلی انتخابات میں بھی کچھ ایسا ہی کرنے کی کوشش نظر آ رہی ہے۔ حالانکہ انتخابات میں ابھی چھ مہینے سے زیادہ باقی ہیں لیکن ابھی سے نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش شروع ہو گئی ہے۔

Published: 15 Feb 2020, 1:30 PM IST

بہر حال، میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پھلواری شریف میں گزشتہ ایک مہینے سے لوگ سی اے اے، این آر سی و این پی آر کے خلاف دھرنا پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ جمعہ کی دیر رات مظاہرہ کے مقام پر کچھ لوگ ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اس واقعہ کی خبر جب مقامی تھانہ کو دی گئی تو پولس کی ایک ٹیم نے وہاں کا دورہ کیا۔ پھلواری شریف تھانہ انچارج رفیق رحمٰن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے فائرنگ واقعہ کی تصدیق کی اور کہا کہ جائے وقوع سے ایک کھوکھا برآمد کیا گیا ہے۔

Published: 15 Feb 2020, 1:30 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Feb 2020, 1:30 PM IST