آئی پی ایل

آئی پی ایل میچ نمبر 31: گیل کے طوفان میں اڑ گیا بنگلور، پنجاب کی 8 وکٹ سے فتح

بنگلور اور پنجاب کے درمیان مقابلہ کافی کانٹے کا دیکھنے کو ملا جب آخری گیند پر پنجاب کو جیت کے لیے ایک رن کی ضرورت تھی۔ اس موقع پر نکولس پورن نے چھکّا مار کر میچ کو پنجاب کی جھولی میں ڈال دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

آئی پی ایل سیزن 13 کے اکتیسویں مقابلے میں آج رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی کو گیل کے طوفان نے زبردست جھٹکا دیا۔ کنگز الیون پنجاب کے خلاف بڑی جیت حاصل کر پوائنٹس ٹیبل میں نمبر وَن مقام پر قبضہ جمانے کی خواہش رکھنے والے کپتان کوہلی کو ایک بڑی جیت نہیں بلکہ بڑی ہار ہاتھ لگی۔ پنجاب کے سلامی بلے بازوں راہل اور مینک کے بعد کرس گیل کے طوفان نے بنگلور کو 8 وکٹ سے شکست فاش دے دی۔

Published: undefined

رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیتنے کے بعد ایک بار پھر بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سلامی بلے بازوں نے شروعات بھی ٹھیک ٹھاک دے دی تھی کیونکہ دیودت پڈیکل (12 گیند میں 18 رن) جب پہلے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 4.1 اوور میں 38 رن تھا۔ اس کے بعد دوسرے سلامی بلے باز ایرون فنچ (18 گیندوں میں 20 رن) جب آؤٹ ہوئے تو 6.3 اوور میں اسکور 62 رن ہو گیا تھا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے اپنے فارم کو برقرا ررکھتے ہوئے رن بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔

Published: undefined

واشنگٹن سندر اور شیوم دوبے نے کپتان کوہلی کے ساتھ چھوٹی چھوٹی لیکن اہم شراکت داریاں کیں۔ سندر 14 گیندوں پر 13 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شیوم دوبے نے 19 گیندوں پر 23 رن بنائے۔ اس کے بعد کوہلی کا ساتھ دینے اے بی ڈیویلیرس میدان میں آئے، لیکن اس بار وہ کچھ خاص کارنامہ انجام نہیں دے سکے۔ محمد سمیع نے انھیں محض 2 رنوں پر پویلین بھیج دیا۔ وراٹ کوہلی بدقسمت رہے کہ وہ 39 گیندوں پر 48 رن بنا کر محمد سمیع کے ہی شکار ہو گئے اور نصف سنچری مکمل نہیں کر سکے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 17.5 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 136 رن تھا۔

Published: undefined

آخر کے دو اووروں میں کرس مورس اور اوسورو اڈانا نے مل کر بہت تیزی کے ساتھ رن بنائے اور کوئی وکٹ بھی نہیں گرنے دیا۔ کرس مورس نے 3 چھکّوں اور 1 چوکا کی مدد سے 8 گیندوں پر 25 رن بنائے، جب کہ اڈانا نے 1 چھکا کی مدد سے 5 گیندوں پر 10 رن بنائے۔ مقررہ 20 اوور میں بنگلور 171 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

Published: undefined

پنجاب کی طرف سے گیندبازی میں مروگن اشون اور کرس جورڈن ہی کفایتی گیندبازی کر سکے، بقیہ نے کافی رن دیے۔ اشون نے 4 اوور میں 23 رن دے کر 2 وکٹ لیے جب کہ جورڈن نے 3 اوور میں 20 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔ 2 وکٹ محمد سمیع کو ملے لیکن انھوں نے 4 اوور میں 45 رن خرچ کر دیے۔ عرش دیپ سنگھ نے بھی 2 اوور میں 20 رن دیے اور ایک وکٹ حاصل کیا۔ روی بشنوئی اور میکسویل کو کوئی وکٹ نہیں ملا جنھوں نے بالترتیب 3 اوور میں 29 رن اور 4 اوور میں 28 رن دیے۔

Published: undefined

پنجاب کی ٹیم 172 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے کے لیے بہت مضبوطی کے ساتھ میدان میں اتری۔ انھیں یہ میچ جیتنا بہت ضروری تھا کیونکہ وہ پوائنٹس ٹیبل میں آخری مقام پر ہے۔ سلامی بلے بازوں کے ایل راہل اور مینک اگروال نے اس بات کا بہت اچھا خیال بھی رکھا اور ایک ایسی شروعات ٹیم کو دی جس نے جیت کی راہ ہموار کی۔ دونوں کے درمیان 8 اوور میں 78 رن کی شراکت داری ہوئی اور یہ پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب یجویندر چہل نے اگروال کو بولڈ کر دیا۔ انھوں نے محض 25 گیندوں پر 3 چھکّوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 45 رن بنائے۔ لیکن آتش بازی تو اس کے بعد شروع ہوئی جب اس سیزن میں پہلا میچ کھیل رہے کرس گیل میدان میں اترے۔

Published: undefined

کرس گیل نے شروع میں سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور دوسری طرف کپتان کے ایل راہل نے رنوں کی رفتار بڑھانے کا ذمہ سنبھال لیا۔ لیکن 7 رن کے انفرادی اسکور پر جب کرس گیل نے پہلا چھکّا لگایا تو پھر اس کے بعد ان کی طوفانی بلے بازی دیکھ کر پرانے دن یاد آ گئے۔ کرس گیل 20ویں اوور کی پانچویں گیند پر رَن آؤٹ ہوئے جب ٹیم کو جیت کے لیے محض ایک رن کی ضرورت تھی۔ گیل نے 5 شاندار چھکوں اور 1 چوکا کی مدد سے 45 گیندوں پر 53 رن بنائے۔ آخر گیند پر جب ایک رن کی ضرورت تھی اور بنگلور یہ امید لگائے بیٹھی تھی کہ کھلاڑی کو آؤٹ کر میچ کو سپر اوور میں لے جایا جائے، تو نئے بلے باز نکولس پورن نے یجویندر چہل کی گیند پر کافی اونچا چھکّا لگا دیا اور ٹیم کو ایک ضروری جیت سے ہمکنار کر دیا۔ کے ایل راہل نے کپتانی پاری کھیلتے ہوئے ناٹ آؤٹ 61 رن (49 گیندوں پر 5 چھکّوں اور 1 چوکا کی مدد سے) بنائے۔

Published: undefined

بنگلور کی جانب سے کرس مورس اور نودیپ سینی نے بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کیا۔ ان دونوں نے 4-4 اوور میں بالترتیب 22 اور 21 رن دیے، حالانکہ انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ صرف ایک وکٹ یجویندر چہل کو ملا جنھوں نے 3 اوور میں 35 رن خرچ کر دیے۔ اسورو اڈانا نے 2 اوور میں 14 رن اور واشنگٹن سندر نے 4 اوور میں 38 رن خرچ کیے، جب کہ محمد سراج سب سے خرچیلے ثابت ہوئے جنھوں نے 3 اوور میں 44 رن دے ڈالے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined