
ڈونالڈ ٹرمپ (فائل)، تصویر یو این آئی
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دہرایا ہے کہ انہوں نے ہند-پاک کے درمیان جنگ بندی کرائی۔ 21 مئی کو انہوں نے کہا کہ ہم نے ’ٹریڈ‘ کے ذریعہ دونوں ملکوں کے درمیان لڑائی ختم کرائی۔ جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رام فوسا کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے ان سے (دونوں ملکوں سے) کہا- ’’ہندوستان اور پاکستان دونوں کے ساتھ امریکہ بڑا سودا کر رہا ہے۔ آپ لوگ کیا کر رہے ہیں؟‘‘
Published: undefined
ٹرمپ نے آگے کہا- ’’کسی کو آخری گولی چلانی تھی، لیکن حالات اور خراب ہوتے جا رہے تھے۔ ہم نے ان سے بات کی اور مجھے لگتا ہے کہ ہم نے اسے سلجھا لیا۔‘‘ ٹرمپ نے پاکستان کے کئی رہنماؤں کی تعریف بھی کی اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنا دوست بتایا۔ اس پر جنوبی افریقہ کے صدر نے کہا، کامن فرینڈ، مودی ہمارے بھی دوست ہیں پھر ٹرمپ نے کہا، وہ (مودی) ایک عظیم شخص ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 10 مئی کو جنگ بندی ہوئی تھی۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سب سے پہلے اس کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا- ’’امریکہ کی ثالثی میں ایک لمبی رات کی بات چیت کے بعد، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان مکمل اور فوری طور پر جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔ کامن سینس اور بہترین خفیہ جانکاری کا استعمال کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو مبارکباد۔ اس معاملے پر توجہ دینے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘‘
Published: undefined
ڈونالڈ ٹرمپ بعد میں بھی کئی مرتبہ دعویٰ کرتے رہے کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو سلجھانے میں مدد کی ہے۔ حالانکہ ایک مرتبہ 15 مئی کو انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی نہیں کرائی ہے بلکہ صرف مدد کی ہے۔ وہیں حکومت ہند نے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کو لے کر صدر ٹرمپ کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔ 13 مئی کو وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ہندوستان کو جموں و کشمیر سے متعلق کسی بھی معاملے پر تیسرے فریق کی دخل اندازی منظور نہیں ہے۔
Published: undefined
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پورا معاملہ 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد شروع ہوا تھا جب دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی تھی۔ اس کے بعد ہندوستانی فوج نے پاکستان کو منھ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کے دہشت گرد ٹھکانوں پر حملے کیے تھے جس میں کئی دہشت گرد مارے گئے تھے۔ پھر پاکستان کی طرف سے فائرنگ کرکے سرحد پر ہندوستانی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور کئی ڈرون حملے بھی کئے گئے جسے ہندوستانی فوج نے ناکام بنا دیا۔ بالآخر 10 مئی کو دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی عمل میں آئی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined