Getty Images
نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ مشہور سافٹ ڈرنکس کمپنی کوکا کولا اب امریکہ میں فروخت ہونے والے اپنے مشروبات میں دوبارہ ’اصل گنے کی چینی‘ استعمال کرے گی۔ صدر ٹرمپ نے یہ اطلاع بدھ کو اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر دی اور اسے امریکی صارفین کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔
انہوں نے لکھا، ’’میں کوکا کولا سے امریکہ میں کوک میں اصل گنے کی چینی کے استعمال کے بارے میں بات کر رہا ہوں اور انہوں نے اس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔‘‘
Published: undefined
صدر ٹرمپ کے اس بیان کے فوراً بعد کوکا کولا کمپنی نے بھی ایک مختصر بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا، ’’ہم اپنے مشہور کوکا کولا برانڈ کے بارے میں صدر کے جوش و خروش کی قدر کرتے ہیں۔ ہماری پروڈکٹ رینج میں نئے اور جدید مشروبات کے بارے میں جلد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔‘‘
کوکا کولا نے 1980 کی دہائی میں پیداوار کی لاگت کم کرنے کے لیے گنے کی چینی کی جگہ ہائی-فریکٹوز کارن سیرپ (ایچ ایف سی ایس) کا استعمال شروع کیا تھا۔ اگرچہ یہ متبادل سستا تھا لیکن وقت کے ساتھ اس پر تنقید بھی بڑھتی گئی، بالخصوص صحت کے ماہرین اور غذائی ماہرین کی جانب سے۔
Published: undefined
ہائی-فریکٹوز کارن سیرپ ایک صنعتی عمل سے حاصل ہونے والا میٹھا مادہ ہے جو ذیابطیس، موٹاپے اور جگر کے مسائل جیسے امراض سے جوڑا جاتا ہے۔ اس کے برعکس گنے کی چینی ایک قدرتی ذریعہ ہے جو نہ صرف ذائقے میں بہتر مانی جاتی ہے بلکہ جسم میں اس کا ہاضمہ بھی نسبتاً آسان ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ میں پہلے ہی ایک مخصوص کوک دستیاب ہے جس میں گنے کی چینی استعمال ہوتی ہے اور صارفین اسے ’میکسیکن کوک‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ یہ بوتل بند کوک امریکہ میں محدود پیمانے پر دستیاب ہے اور اسے خاص ذائقے اور بہتر معیار کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے۔
Published: undefined
صحت عامہ کے ماہرین صدر ٹرمپ کے اس اعلان کو صارفین کے حق میں ایک مثبت قدم مان رہے ہیں۔ امریکی وزیر برائے صحت و انسانی خدمات رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے بھی ہائی-فریکٹوز کارن سیرپ پر تنقید کرتے ہوئے اسے امریکی غذائی نظام میں ایک نقصان دہ عنصر قرار دیا تھا۔
صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملا۔ بہت سے صارفین نے گنے کی چینی کو ذائقے اور صحت کے لیے بہتر قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے محض ایک تجارتی حکمتِ عملی قرار دیا۔ بہر حال، اگر کوکا کولا واقعی اپنے تمام مشروبات میں گنے کی چینی کا استعمال دوبارہ شروع کرتا ہے، تو یہ امریکہ میں میٹھے مشروبات کی صنعت میں ایک بڑی تبدیلی شمار ہوگی، جو نہ صرف ذائقے بلکہ صحت کے تناظر میں بھی اہم ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined