
تصویر آئی اے این ایس
فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے کے قریب پیر کو آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زلزلے کے بعد ایک میٹر بلند سونامی لہریں بھی ساحلی علاقوں سے ٹکرائیں، جبکہ متعدد عمارتیں منہدم یا شدید متاثر ہوئیں۔
فلپائن کے حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی فلپائن کے سمندری علاقے میں تھا۔ شدید جھٹکے وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سب سے زیادہ نقصان جنرل سانتوس شہر اور اس کے اطراف میں رپورٹ ہوا، جہاں کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا۔
Published: undefined
حکام نے بتایا کہ صوبہ سارانگانی کے علاقے گلان میں زلزلے کے بعد لینڈ سلائیڈنگ پیش آئی، جس کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ سارانگانی کے دیگر علاقوں میں بھی چار افراد ہلاک ہوئے۔ مختلف متاثرہ علاقوں سے مزید ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد مجموعی تعداد 35 تک پہنچ گئی۔
ریسکیو اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری رہی۔ بیشتر زخمی عمارتوں کے گرنے یا ملبہ گرنے کے باعث متاثر ہوئے۔
Published: undefined
زلزلے کے بعد جنوبی فلپائن کے بعض ساحلی علاقوں سے ایک میٹر بلند سونامی لہروں کے ٹکرانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ایک ساحلی گاؤں میں سونامی سے ہونے والے نقصان کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا، پلاؤ اور جنوبی جاپان کے بعض علاقوں میں بھی نسبتاً چھوٹی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ کئی مقامات پر لوگ گھروں، دفاتر اور اسکولوں سے باہر نکل آئے۔ ایک اسکول کی ویڈیو میں بچے چیختے اور روتے ہوئے دکھائی دیے جب زلزلے کے شدید جھٹکوں سے عمارت کا ایک حصہ متاثر ہوا۔
Published: undefined
فلپائن کے آتش فشانیات اور زلزلہ پیما ادارے کے ڈائریکٹر تیریسیٹو باکولکول نے کہا کہ یہ رواں سال ملک میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ ہے۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر متاثرہ عمارتوں میں واپس جانے سے پہلے متعلقہ حکام کی ہدایات کا انتظار کریں، کیونکہ کمزور ڈھانچے مزید جھٹکوں سے گر سکتے ہیں۔
فلپائن کی اتحادی ریاست امریکہ نے کہا ہے کہ وہ منیلا حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور ضرورت پڑنے پر امدادی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ جاپان، فرانس اور نیوزی لینڈ نے بھی متاثرہ ملک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی ہے۔ حکام کے مطابق نقصانات کا مکمل اندازہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined