
گوہاٹی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان میناکشی لیکھی نے قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کی آخری فہرست میں ہونے والی ’غلطیوں‘ کے لئے نوکر شاہی کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔
لیکھی نے بدھ کے روز یہاں صحافیوں کو بتایا کہ این آر سی کی حتمی فہرست ریاستی حکومت اور اس کے ملازمین نے ریاست کے عوام کی خواہش کے مطابق ، سپریم کورٹ کی نگرانی میں تیار کی ہے۔ یہ سب ریاست کے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے کیا گیا تھا اور اگر اس میں کوئی کوتاہی ہوتی ہے تو اسے دور کردیا جائے گا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ ریاستی بی جے پی کی قیادت این آر سی کی حتمی فہرست سے کیوں مطمئن نہیں ہے جبکہ بی جے پی ریاست اور مرکز دونوں میں برسر اقتدار ہے ، انہوں نے کہا کہ این آر سی میں ہونے والی غلطیوں کے لئے بیوروکریسی ہی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے ریاست میں برسر اقتدار رہنے والے خود غرض لوگ این آر سی کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کررہے ہیں۔ان کے پاس اقتدار کے مختلف سطحوں پر ایجنٹ ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ بیوروکریسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ وہ پہلے جیسی تھی ، آج بھی ہے۔ ان کا اپنا ایجنڈا ہوسکتا ہے یا ان کی عام غلطی ہوسکتی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ بر سوں کے طویل انتظار کے بعد ، آسام میں این آر سی کی حتمی فہرست 31 اگست کو جاری کی گئی ، جس میں 19 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو جگہ نہیں ملی۔ این آر سی لسٹ میں شامل ہونے کے لئے درخواست دینے والے 3.30 کروڑ سے زیادہ درخواست دہندگان میں سے، 3.11 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو حتمی فہرست میں جگہ ملی۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
دہلی کی روز اوینیو عدالت نے کرناٹک سے وابستہ کانگریس کے رہنما شیو کمار کو 13 ستمبر کی ای ڈی کی تحویل میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا۔ دریں اثنا ڈی کے شیو کمار نے عدالت سے درخواست کی انہیں عوام سے خطاب کرنے کی اجازت فراہم کی جائے۔ اس درخواست نے عدالت نے یکسر مسترد کر دیا۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
دریں اثنا، کانگریس کارکنان نے ڈی کے شیو کمارکی گرفتاری کے خلاف منگلورو میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ جبکہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے شیو کمار کی گرفتاری کو انہیں پریشان کرنے کا حکومت کا حربہ قرار دیا ہے۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
دہلی کی روز اوینیو عدالت نے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی طرف سے ڈی کے شیو کمار کو ریمانڈ میں دئے جانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ عدالت کی جانب سے کچھ ہی دیر میں فیصلہ سنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ڈی کے شیو کمار کو ای ڈی کی جانب سے منگل کو منی لانڈرنگ (پیسے کی ہرا پھیری) کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ای ڈی کی طرف سے شیو کمار کو 14 دن کی رمانڈ میں دئے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ادھر، شیو کمار کے وکیل نے عدالت میں دو عرضیاں داخل کی ہیں۔ پہلی عرضی میں ریمانڈ کو چیلنج کیا گیا ہے جبکہ دوسری میں ضمانت کی درخاست کی گئی ہے۔
ڈی کے شیو کمار کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا، ملزم کی آزادی داؤ پر ہے۔ افسر شام 4 بجے ریڈی میٹ اپلیکیشن کے ساتھ کورٹ میں پیش ہوتے ہیں۔ سنگھوی نے کہا کہ تفتیشی افسر کے پاس اس معاملہ سے متعلق سوال نہیں ہوتے۔ انہیں سوال دئے جاتے ہیں۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
بستی: اترپردیش حکومت نے لمبے عرصے سے ڈیوٹی سے غائب چل رہے بستی ڈویژن کے اضلاع میں تعینات 36 سرکاری ڈاکٹروں کو برخاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آفیشل ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ ضلع بستی میں تعینات 20 اور سدھارتھ نگر کے 16 ڈاکٹر کافی وقت سے ڈیوٹی پر نہیں آرہے تھے۔ باربار انتباہ دینے کے بعد بھی ڈیوٹی سے غائب ڈاکٹروں کی جانب سے کوئی معقول جواب نہیں ملا۔انہوں نے بتایا کہ اسی وجہ سے حکومت نے 36 ڈاکٹروں کو برخاست کرنے کا فیصلہ لینا پڑا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے دیگر اضلاع میں بھی ڈیوٹی سے لمبے وقت تک غائب رہنے والے ڈاکٹروں کو برخاست کیا جا چکا ہے۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
مودی حکومت نے انسداد غیرقانونی سرگرمی قانون (یو اے پی اے) کے تحت مولانا مسعود اظہر، داؤد ابراہیم، زکی الرحمن لکھوی اور حافظ سعید کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ ان 4 دہشت گردوں کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔
جیش محمد سرغنہ مسعود اظہر پر ہندوستان میں 5 دہشت گرد حملوں کو انجام دینے کا الزام ہے۔ اسی سال مئی کے مہینے میں مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد بھی قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں یو اے پی اے ایکٹ میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ جولائی میں پارلیمان میں اس بل کو منظوری دی گئی تھی۔ نئے التزامات کے مطابق ذاتی طور پر بھی کسی شخص کو دہشت گرد قرار دیا جا سکتا ہے۔ پہلے صرف مخصوص تنظیم کو ہی دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا سکتا تھا۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
وزیر اعظم نریندر مودی دو دن کے روسی دورے پر ولادیویستوک شہر پہنچے ہیں۔ وہاں ان کا منگل کی دیر رات گئے شاندار استقبال کیا گیا۔ بدھ کو مودی اور روسی صدر پوتن نے باہمی مذاکرات کی اور اس دوران دونوں ممالک کے مابین کئی معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان باہمی مذاکرات میں دنوں ممالک کے درمیان کل 15 معاہدے ہوئے۔ ان میں سڑک، فضائی، توانائی اور دفاعی سمیت کئی شعبے شامل ہیں۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
کرتار پور راہداری پر ہندوستان اور پاکستان کے حکام کے مابین تیسرے دور کی مذاکرات ختم ہو گئی ہے۔ ہندوستان کے سکھ عقیدت مندگان اب بغیر ویزا پورے سال کرکارپور صاحب کی زیارت کے لئے جا سکیں گے۔ بدھ کے روز اٹاری سرحد پر دونوں ممالک کے نمائندگان کے مابین مذاکرات ہوئی۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے دواریکا علاقے میں بدھ کی صبح ایک جوہری کا گلا کاٹ کر مبینہ طورپر کردیا گیا۔ پولس ذرائع کے مطابق ڈابری پولس تھانہ کو منگل کی رات دو بج کر 36 منٹ پر ایک جوہری پر چاقو سے حملے کی اطلاع ملی۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولس کے مطابق مقتول کی شناخت 37 سالہ للت اگروال کے طورپر ہوئی ہے۔ وہ مدھو وہار میں سائیں بابا مندر کے نزدیک اپنی بیوی نیہا اگروال، بیٹے کرشنا اور بنشی کے ساتھ رہتا تھا۔ وہ ستیم جویلرس کے نام سے زیورات کا کاروبار کرتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس کے گھر پر ساس اور اس کی بیوی کی بہن آئی ہوئی تھیں۔ منگل کی رات گھر کے لوگ کھانا کھا کر سوگئے تھے۔ رات تقریباً ڈھائی بجے کسی نے تیز دھار ہتھیار سے اس کا گلا ریت دیا۔ پولس نے تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے۔ واقعہ کی جانچ کی جارہی ہے۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
اتر پردیش میں بجلی کی شرح بڑھنے پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر حملہ بولا ہے، انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’پہلے مہنگے پٹرول ڈیزل کا بوجھ اور اب مہنگی بجلی کی مار، اتر پردیش کی بی جے پی حکومت عوام کی جیب کاٹنے میں لگی ہے، کیوں؟ خزانے کو خالی کرکے بی جے پی حکومت اب وصولی عوام پر مہنگائی کا چابک چلا کر رہی ہے، کیسی حکومت ہے‘‘۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
میامی: امریکی ریاست الاباما میں ایک 14 سالہ لڑکی نے پستول سے اندھا دھند فائرنگ کرکے اپنے خاندان کے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور اس کے بعد اس نے خود کو پولس کے حوالے کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ المناک واقعہ الاباما ریاست کے الکمنٹ شہر میں ایک گھر کے اندر پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد موقع پرہلاک ہوگئے جبکہ دو نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
علاقائی پولس چیف نے ٹوئٹر پر بتایا ہے اپنے خاندان کے پانچ افراد کو قتل کرنے والی لڑکی نے خود کو پولس کے حوالہ کردیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ لڑکی نے قتل کے جرم کا اعتراف کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی نے فائرنگ کے لیے 9 ملی میٹر والی پستول استعمال کی۔ یہ واقعہ اوائل شب میں پیش آیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں ہرسال گھریلو جھگڑوں پر فائرنگ کے اوسطاً 36 ہزار واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار اس وقت دہلی کے آر ایم ایل اسپتال میں داخل ہیں اور ان کا علا چل رہا ہے۔ یوتھ کانگریس صدر شری نواس نے ان سے اسپتال جا کر ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ”ان کی طبیعت بگڑنے کے سبب ان کا صحت بھی خراب ہو گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے انھیں آرام کا مشورہ دیا ہے، لیکن انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ انھیں لے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔“ قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز ڈی کے شیو کمار کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گرفتار کیا تھا۔ اس دوران بلڈ پریشر ہائی ہونے کے بعد شیو کمار کو اسپتال لے جایا گیا تھا۔ خبروں کے مطابق اسپتال میں ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور اس کی وجہ سے انھوں نے پوری رات جاگ کر گزاری۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد پاکستان اور اس کے حامیوں کی بوکھلاہٹ جاری ہے۔ لندن میں ہندستانی ہائی کمیشن کے باہر پاکستانی حامیوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران انھوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے پتھراو بھی کیا۔ پتھراو میں ہندوستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ پاکستانی حامیوں کے پرتشدد مظاہرہ میں عمارت کو نقصان پہنچنے کی جانکاری ہندوستانی ہائی کمیشن نے خود ٹوئٹ کے ذریعہ دی ہے۔ تصویر میں ہندوستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے ٹوٹے ہوئے شیشے صاف نظر آ رہے ہیں۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Sep 2019, 9:10 AM IST