سڑک حادثہ / یو این آئی
مصر کے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں ایک کار حادثے میں قطر کے تین سفارت کار جاں بحق ہوگئے جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ خبر رساں ادارے نے اتوار کو دو سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب غزہ جنگ کے خاتمے اور علاقائی امن کے قیام کے لیے ایک عالمی امن کانفرنس پیر کو شہر شرم الشیخ میں ہونے والی تھی۔ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا حادثے میں جاں بحق ہونے والے سفارت کار قطر کی اس مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھے جس نے مصر کے افسران کے ساتھ مل کر رواں ہفتے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے کے پہلے مرحلے پر اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے اہم معاہدے میں ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔
Published: undefined
بتا دیں کہ اس مجوزہ امن کانفرنس کی صدارت مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کریں گے۔ ہفتہ کو صدر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اس کانفرنس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد غزہ میں جنگ کو ختم کرنا، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو فروغ دینا اور علاقائی سلامتی کے نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔
Published: undefined
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ اقدام صدر ٹرمپ کے علاقائی امن اور عالمی تنازعات کے حل کی کوششوں کے وژن کے مطابق ہے۔ بدھ کے روز صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 20 نکاتی منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے 29 ستمبر کو پیش کیے گئے اس منصوبے کا مقصد غزہ میں جنگ بندی، تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور علاقے سے اسرائیلی افواج کا بتدریج انخلاء ہے۔
Published: undefined
پہلے مرحلے کا یہ معاہدہ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق دو پہر 12 بجے سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں غزہ میں ایک نئے انتظامی ڈھانچے کے قیام، فلسطینی اہلکاروں اور عرب اور اسلامی ممالک کی افواج پر مشتمل ایک سیکورٹی فورس تشکیل دینے اور حماس کو غیر مسلح کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ تاہم اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست اب بھی 3 اسٹرٹیجک مقامات پر طویل المدت فوجی موجودگی برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں غزہ کی سرحد کے اندر ایک عارضی بفر زون، فیلا ڈلفیا راہداری (مصر کی سرحد پر) اور تلہ 70 کے علاقے میں ایک پہاڑی چوٹی، جو شمالی غزہ پر عسکری اور بصری برتری فراہم کرتی ہے، شامل ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined