عالمی خبریں

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، ناصر اسپتال بھی نشانے پر، مجموعی طور پر 13 فلسطینی جاں بحق

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 13 فلسطینی جاں بحق ہو گئے، جن میں ناصر اسپتال کے 6 مریض بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب شدید بارش اور سیلاب سے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیر آب آگئے ہیں

<div class="paragraphs"><p>غزہ میں حملے کی فائل تصویر</p></div>

غزہ میں حملے کی فائل تصویر

 

غزہ پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔ جمعرات کی علی الصباح جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 6 فلسطینی جاں بحق اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 7 فلسطینیوں کی جانیں چلی گئیں۔ اس طرح تازہ حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد کم از کم 13 ہو گئی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت اور شہری دفاع کے مطابق، ناصر میڈیکل کمپلیکس کے مغربی حصے میں واقع اسپتال کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ الجزیرہ کی خبر کے مطاق، حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر مریض شامل ہیں۔ ان میں ایسے مریض بھی تھے جن کی اگلے روز سرجری ہونی تھی۔

رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی حملے میں اسپتال کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا گیا۔ ناصر میڈیکل کمپلیکس جنوبی غزہ کے سب سے بڑے اسپتالوں میں سے ایک ہے اور خان یونس میں اب تک فعال رہ جانے والا واحد اسپتال ہے، جہاں سے تقریباً 5 لاکھ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسپتال میں حماس کے ایک رکن کو نشانہ بنایا تھا۔ تاہم حماس نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔ تنظیم نے ثالثوں اور امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے اور جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

ناصر اسپتال پر حملے سے پہلے بھی اسرائیلی کارروائیوں میں 7 فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔ ان میں غزہ سٹی کے جنوب میں واقع صبرہ محلے میں فضائی حملے میں مارے گئے 38 سالہ محمد سالم الدعاش بھی شامل ہیں۔ وسطی غزہ میں بریج کیمپ کے مشرق میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق ہوا، جبکہ غزہ سٹی کے شمال مغرب میں النصیر محلے میں ڈرون حملے میں ایک اور فلسطینی کی موت ہوئی۔ شیخ رضوان محلے میں بے گھر افراد کے ایک خیمے پر حملے میں کم از کم دو فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

الجزیرہ کے مطابق، غزہ میں عام شہریوں کو بھی بلاامتیاز نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شخص پانی کی ٹنکی بھر رہا تھا کہ ڈرون حملے میں اس کی جان چلی گئی، جبکہ الجلاء اسٹریٹ پر ایک خیمے میں پناہ لیے ہوئے العبسی خاندان کے دو بھائی بھی حملے میں مارے گئے۔

دوسری جانب غزہ میں شدید بارش کے بعد سیلاب نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے علاقے میں ہزاروں افراد کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر واٹر پروف خیمے فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق، ہفتے کے آخر میں ہونے والی بارشوں سے کم از کم 70 ہزار خیمے زیر آب آگئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے مطابق، حالیہ دنوں میں شدید بارش سے غزہ میں کم از کم ایک لاکھ 6 ہزار افراد براہ راست متاثر ئے ہیں۔ ہزاروں خیموں میں پانی داخل ہو گیا ہے اور پناہ گزین کیمپوں میں نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ متاثرین کے لیے خیمے پہنچانے کی غرض سے اسرائیلی حکام کی اجازت اور تعاون ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے بھی امدادی سامان کی فراہمی میں تاخیر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی انتخابات اور نئی حکومت کی تشکیل کا انتظار انسانی امداد روکنے کا قابل قبول جواز نہیں ہوسکتا۔

ادھر اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک سیلاب سے متاثرہ غزہ کے شہریوں کی فوری مدد کے لیے 50 لاکھ یورو (تقریباً 55 لاکھ ڈالر) کی نئی ہنگامی امدادی مہم شروع کر رہا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 74 ہزار 653 فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ 76 ہزار 7 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد بھی اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1600 فلسطینی مارے جاچکے ہیں۔