عالمی خبریں

ترکی کے استنبول شہر میں زلزلہ، عمارت سے چھلانگ لگانے اور گھبراہٹ میں 151 افراد زخمی

استنبول میں 6.2 شدت کے زلزلے کے دوران گھبراہٹ اور عمارتوں سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے 151 افراد زخمی ہو گئے۔ صدر اردوآن نے عوام کی سلامتی پر اطمینان کا اظہار کیا

<div class="paragraphs"><p>استنبول میں زلزلہ / آئی اے این ایس</p></div>

استنبول میں زلزلہ / آئی اے این ایس

 

استنبول: ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں بدھ کو 6.2 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث لوگوں میں شدید گھبراہٹ پھیل گئی۔ گورنر آفس کے مطابق زلزلے کے دوران عمارتوں سے چھلانگ لگانے اور افرا تفری میں بھاگنے کی وجہ سے 151 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر آیا۔ گورنر آفس نے اس بات کی تصدیق کی کہ فاتح ضلع کی ایک عمارت کو نقصان پہنچا ہے لیکن شہر کے دیگر علاقوں میں کوئی رہائشی عمارت منہدم نہیں ہوئی۔

Published: undefined

ترک حکام کے مطابق توانائی، قدرتی گیس، پانی اور نکاسی کے نظام میں بھی کسی قسم کا خلل پیدا نہیں ہوا، جس کی وجہ سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر نہیں ہوئی۔ تاہم، زلزلے کے بعد لوگ اپنے گھروں سے نکل کر پارکوں، اسکول کے میدانوں اور دیگر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے، جہاں بعض افراد نے خیمے بھی لگا لیے۔

صدر رجب طیب اردوآن نے ’یومِ قومی خودمختاری و اطفال‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’اللہ کا شکر ہے کہ فی الحال کوئی بڑا مسئلہ سامنے نہیں آیا۔ اللہ ہمارے ملک اور عوام کو ہر قسم کی مصیبت، آفت، حادثے اور پریشانی سے محفوظ رکھے۔‘‘

Published: undefined

ترکی کے صدارتی دفتر برائے مواصلات نے تصدیق کی کہ صدر اردوان کو استنبول کے گورنر نے زلزلے کی مکمل صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ زلزلہ سطح زمین سے تقریباً 7 کلومیٹر گہرائی میں آیا اور اس کا دورانیہ تقریباً 13 سیکنڈ تھا۔

قبل ازیں، ترکی کی آفات و ہنگامی حالات کی انتظامیہ (اے ایف اے ڈی) نے اعلان کیا تھا کہ زلزلے کا مرکز استنبول کے یورپی حصے، سلیوری ضلع، مرمرہ سمندر میں 6.92 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ ترکی ایک زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے اور یہاں اکثر زمین لرزتی رہتی ہے۔ فروری 2023 میں 7.8 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد آنے والے شدید جھٹکوں سے ملک کے جنوبی و جنوب مشرقی حصوں میں 53 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ لاکھوں عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی تھیں۔ اس زلزلے نے ہمسایہ ملک شام کے شمالی علاقوں میں بھی 6 ہزار سے زائد جانیں لی تھیں۔

اگرچہ اس بار استنبول میں زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا لیکن ماہرین اس زلزلے کو ایک تنبیہ سمجھ رہے ہیں کہ مستقبل میں کسی بڑے زلزلے کا خطرہ موجود ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined