ہاکی

حوصلہ اور عزم نے محمد فراز کو غربت سے نکال کر ہاکی ٹیم کا نیا ستارہ بنایا

مرحوم اطہر خاں کے ذریعہ قائم کئے گئے مرادآباد ہاکی کلب مرادآباد سے نکلے سبھی کھلاڑی لگاتار کامیابی کی منزلیں طے کر رہے ہیں۔ ان کے اس مشن کواب ان کے چھوٹے بھائی اقبال خان پروان چڑھانے میں مشغول ہیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز محمد فراز

مرادآباد: حوصلے بلند ہوں تو منزل مل ہی جاتی ہے ۔ غریبی کی گوداور تنگ گلیوں میں پرورش پاکر اگر کوئی کامیابی کی منزل پاتا ہے تو یہ منزل پانے والے کے لئے بڑی فخر کی بات ہے۔ مرادآباد واقع رام گنگا کے کنارے بسی وہ آبادی جس کی شروعات ٹاٹ کے پردوں سے ہوئی اور بعد میں یہ آبادی روحانی بزرگ وارث علی شاہ کے نام سے منسوب ہوکر وارثی نگر میں تبدیل ہوگئی، اسی آبادی میں پلا بڑھا ایک بچہ محمد فراز ہے جس نے اپنی محنت اور لگن سے قومی کھیل ہاکی میں وہ مقام حاصل کیا جو بڑے خوش نصیبوں کوحاصل ہوتا ہے۔

Published: undefined

محمد فراز کے اہل خانہ

محمد فراز نے آل انڈیا جونیئر ہاکی ٹیم میں جگہ بناکر اپنے والدین کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ پیتل نگری کے نام سے مشہور مرادآبادشہر کا نام بھی روشن کیا۔ فراز کی کامیابی کیلئے اس کے اہل خانہ و ساتھیوں میں زبردست خوشی ہے۔ فراز کے والد محمد ہاشم جو کہ مکانوں کے نقشے بناکر اپنی گذ ربسرکرتے ہیں ، بیٹے کی اس کامیابی پر اس قدر جذباتی ہوئے کہ آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ فراز کی اس کامیابی کو لے کر ان کی والدہ اور بہن ،بھائی بھی خوشی سے پھولے نہیں سمارہے ہیں۔دوست احباب کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ ان کی رہائش پر لگاتار جاری ہے ۔

Published: undefined

مرادآباد:محمد فراز کے جونیئرقومی ٹیم میں شامل ہونے پر خوشی مناتے کھلاڑی

فراز جیسے چمکتے ستارے کو اس مقام تک پہنچانے کے لئے اس کے استاد بھی مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے فرازمیں وہ حوصلہ پیدا کیا جس کی وجہ سے آج وہ اس مقام پرہے۔ جی آئی سی کا یہ میدان جو پوری طرح سے کنکریٹ کا ہے اور ہاکی کے کھیل کے برعکس ہے اس میدان پر کھیل کر فراز ہی نہیں کئی اور کھلاڑی بھی اس شہر کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اطہر خاں مرحوم جن کا یہ خواب تھا کہ اس شہر کے بچے قومی کھیل ہاکی سے جڑ کر نہ صرف خود ترقی کریں بلکہ دوسروں کے لئے بھی مثال بنیں۔

Published: undefined

محمد علی خاں اسی میدان سے کھیلتے ہوئے دو بار جونیئر انڈیا کیمپ و 7بار جونیئر نیشنل کیمپ میں کھیل چکے ہیں ۔ رحمان مسعود جونیئر و سب جونیئرنیشنل کیمپ اور یوپی جونیئر ٹیم کے کپتان رہے ہیں۔ موجود ہ وقت میں جے اے ایم آئی اے میں ہیں ۔ اکتب خاں 6 بار جونیئر و جونیئر نیشنل اور جونیئر نہرو میں کھیل چکے ہیں جن کی تقری پی این بی میں ہے۔ ناوید علی خاں اے ایم یو کے موجودہ ہاکی ٹیم کے کپتان ہیں۔ آشیش کمار بھی اسی میدان پر کھیلتے ہوئے 2018 یوپی ہاکی کھیل کے ہاسٹل میں تقرری حاصل کرچکے ہیں ۔نتن کمار سینی و عبد اللہ خان کو اچھے کھیل کے لئے آسام کے وزیر اعلیٰ نے انعامات سے نواز ا ہے۔ اور اب محمد فراز نے ایئر انڈیا کی ٹیم میں کھیل کر پورے مقابلے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی جس کی وجہ سے انہیں آل انڈیا جونیئر ہاکی ٹیم میں جگہ ملی ۔

اقبال خان اسی میدان سے ہاکی کھیل کر انڈین ریلوے میں تقرری حاصل کر چکے ہیں اور محمد علی خاں انڈین ایئر فورس میں اپنے جوہر دکھا رہے ہیں۔ نریندر سنگھ اے ایس ایس آئی کوچ رامپور ہاسٹل میں ہیں۔ مرحوم اطہر خاں کے ذریعہ قائم کئے گئے مرادآباد ہاکی کلب و ہاکی نرسری مرادآباد سے نکلے یہ سبھی کھلاڑی لگاتار کامیابی کی منزلیں طے کر رہے ہیں۔ ان کے اس مشن کو ان کے چھوٹے بھائی اقبال خان پروان چڑھانے میں مشغول ہیں۔ کنکریٹ کے اس میدان سے نکلے ان ستاروں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ حکومت اس میدان کو ہاکی کھیلنے کے لائق بنائے ۔ اس میدان پر سالانہ منعقد ہونے والے ہاکی گولڈ کپ میں شرکت کے لئے آئے ہاکی کے کئی قومی کھلاڑی بھی ان ننھے کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ حیرت زدہ رہے ہیں ان کا بھی یہی کہنا رہا ہے کہ اگر یہ میدان گرین ہوجائے تو یہاں سے اور بھی اچھے کھلاڑی پیدا ہوسکتے ہیں۔

فراز کی والدہ اپنے بیٹے کی کامیابی کے لئے جہاں اس کی محنت کو سراہ رہی ہیں وہیں اطہر خاں کی روح کے لئے بھی دعا گو ہیں۔ فراز اس وقت بیلجیم میں ہیں اور 14 جولائی سے 21 جولائی تک ہونے والے چھ ملکوں کے ہاکی مقابلوں میں حصہ لینے کی تیاری کررہے ہیں۔ گریٹ برٹن ،انڈیا ،بیلجیم ، ملیشیا ، نیدر لینڈ کے کھلاڑی اس جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنا ہنر دکھائیں گے۔ فراز کی اس کامیابی کو لے کر ان کے ساتھ کھیلنے والے ہاکی کھلاڑی جوش خروش سے جشن منا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر بھانگڑے پر ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined