
پردیپ راوت، تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ @telugufilmnagar
عامر خان کی فلم ’گجنی‘ میں ولن گجنی دھرماتما کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار پردیپ راوت نے 74 سال کی عمر میں دنیا کو الواداع کہہ دیا۔ انہوں نے منگل کی شام بھیونڈی کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی، وہ طویل عرصے سے خون کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ آج دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے تک پردیپ راوت کا جسد خاکی آخری دیدارا کے لیے ونگ پی3، امپیریل ہائٹس، گورے گاؤں ویسٹ میں ان کے گھر پر رکھا جائے گا۔ شام 4 بجے کے بعد آخری رسومات کے لیے جوگیشوری ویسٹ میں واقع اوشیوارہ شمشان گھاٹ لے کر جایا جائے گا۔
پردیپ راوت کے انتقال پر سونو سود، گجیندر چوہان، یشپال شرما، اور جنیلیا دیشمکھ سمیت کئی اداکاروں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ بالی ووڈ اداکار یشپال شرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر لکھا کہ ’’پردیپ راوت، ہمارے گجنی۔ لگان کے دیوا کو عاجزانہ خراج عقیدت۔‘‘ واضح رہے کہ عامر خان کی فلم ’لگان‘ میں پردیپ راوت نے دیوا سنگھ سوڈھی کا کردار ادا کیا تھا۔ اداکارہ جنیلیا دیشمکھ نے ’انسٹاگرام‘ پر لکھا کہ ’’فلم سئی میں آپ کی اداکاری کے لیے ہم آپ کو ہمیشہ یاد کریں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے فلم سے پردیپ راوت کی ایک تصویر بھی شیئر کی، فلم ’سئی‘ میں جنیلیا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
عامر خان کی فلم ’گجنی‘ میں ولن گجنی دھرماتما کا کردار ادا کر راتوں رات بالی ووڈ میں چھا گئے تھے۔ کئی فلموں میں انہوں نے ولن کا کردار ادا کر ناظرین کو خوب ڈرایا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں تقریباً 150 فلموں میں کام کیا تھا۔ جبل پور میں پیدا ہوئے پردیپ روات ایک آرمی فیملی سے آتے تھے۔ والد آرمی میں آفیسر تھے۔ ایسے گھر کے ماحول میں پرورش پائے تو آگے چل کر انہوں نے بھی آرمی میں جانے کا سوچا لیکن یہ خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکا۔ کسی وجہ سے وہ آرمی میں منتخب نہیں ہو پائے۔ آگے چل کر انہوں نے جبل پور میں ہی بینک میں نوکری شروع کر دی۔
بینک کی ملازمت میں پردیپ راوت کا دل نہیں لگا۔ اس کے بعد وہ راج ببر کے تھیٹر گروپ ’ایکجُٹ‘ میں شامل ہوئے۔ یہاں سے ان کو اداکاری میں دلچسپی پیدا ہو گئی۔ 1985 میں فلم ’میری جنگ‘ سے انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس فلم میں انہوں نے انل کپور اور امریش پوری جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ اس کے بعد پردیپ روات نے ’اگنی پتھ‘، ’باغی‘، ’کوئلہ‘، ’میجر صاحب‘ اور ’سرفروش‘ جیسی بڑی ہندی فلموں میں کام کیا تھا۔ انہوں نے زیادہ تر فلموں میں معاون اداکار کا کردار ادا کیا۔ جب عامر خان کی فلم ’گجنی‘ ریلیزی ہوئی تو بہت کم لوگوں کو امید تھی کہ یہ کمرشیل ریکارڈ توڑے گی۔ فلم ’گجنی‘ کے لیے ہدایتکار کو عامر خان کا نام پردیپ راوت نے ہی تجویز کی تھی۔ پردیپ راوت نے تمل، تیلگو، ملیالم، کنڑ اور اڑیا فلموں میں بھی اداکاری کا خوب جلوہ بکھیرا تھا۔ اس کے علاوہ ٹی وی سیریل ’مہابھارت‘ میں بھی وہ ’اشوتھاما‘ کے کردار کے لیے جانے گئے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔