کرکٹ

ویمنز ایشیا کپ 2026: پاکستان کے خلاف جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے اترے گی ہندوستانی ٹیم

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 17 ٹی-20 انٹرنیشنل مقابلے کھیلے گئے ہیں۔ ان میں سے 14 مقابلوں میں ہندوستان نے جیت درج کی ہے، جبکہ پاکستان کو 3 مقابلوں میں کامیابی ملی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس

 

ویمنز ایشیا کپ 2026 کے 9ویں مقابلے میں ہندوستان کا سامنا ہفتہ (5 ستمبر) کو پاکستان سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنے شاندار ریکارڈ کو اس مقابلے میں بھی برقرار رکھنا چاہے گی۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے اب تک ٹورنامنٹ میں سب کچھ بہتر رہا ہے۔ تھائی لینڈ کو پہلے میچ میں شکست دینے کے بعد ٹیم انڈیا نے ہانگ کانگ، چین کو 137 رنز سے روند دیا۔ بلے بازی میں اسمرتی مندھانا اور شفالی ورما کی جوڑی شاندار فارم میں ہے۔ مندھانا نے ہانگ کانگ کے خلاف شاندار سنچری بنائی تھی، جبکہ شیفالی نے تھائی لینڈ کے خلاف نصف سنچری اسکور کی تھی۔

ہندوستانی ٹیم پرتیکا راول، کپتان ہرمن پریت کور اور آل راؤنڈر دیپتی شرما سے بھی اس مقابلے میں زبردست کارکردگی کی امید کرے گی۔ دوسری جانب رچا گھوش ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتی ہیں۔ ہانگ کانگ کے خلاف رچا کو نمبر 4 پر پرموٹ کیا گیا تھا، حالانکہ وہ صرف 11 رنز ہی بنا سکی تھیں۔ گیند بازی میں دیپتی شرما اور نندنی شرما کی کارکردگی قابل تعریف رہی ہے۔ دیپتی 2 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں، جبکہ نندنی نے 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ شری چرنی اور پریما راوت نے بھی گیند بازی سے خاصا متاثر کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے ویمنز ایشیا کپ کا آغاز تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے کر کیا ہے۔ بلے بازی میں منیبہ علی نے تھائی لینڈ کے خلاف نصف سنچری بنائی تھی۔ ان کے علاوہ ٹیم کی باقی بلے باز رنز کے لیے جدوجہد کرتی نظر آئی تھیں۔ گیند بازی میں سعدیہ اقبال نے محض 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ طوبیٰ حسن بھی 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 17 ٹی-20 انٹرنیشنل مقابلے کھیلے گئے ہیں۔ ان میں سے 14 مقابلوں میں ہرمن پریت اینڈ کمپنی نے جیت درج کی ہے، جبکہ پاکستان کو 3 مقابلوں میں کامیابی ملی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ میں ہوا تھا، جہاں ہندوستانی ٹیم نے 64 رنز سے جیت درج کی تھی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پچ اب تک اسپن گیند بازوں کے لیے مددگار رہی ہے۔ حالانکہ کریز پر جم جانے کے بعد بلے بازوں نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔