
ویبھو سوریہ ونشی کو ڈیبیو کیپ دیتے ہوئے نائب کپتان تلک ورما، تصویر ’ایکس‘ @BCCI
بالآخر ’بے بی باس‘ کے نام سے مشہور ویبھو سوریہ ونشی کو بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے لیے کھیلنے کا موقع مل ہی گیا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی-20 سیریز کے دوسرے مقابلہ میں ویبھو کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 4 جولائی کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے جا رہے اس میچ میں ویبھو نے میدان میں اترتے ہی تاریخ رقم کر دی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز ویبھو اب ہندوستان کی جانب سے سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔ ویبھو کو ڈیبیو کیپ نائب کپتان تلک ورما نے پیش کی۔ ویبھو ہندوستان کی جانب سے ٹی-20 انٹرنیشنل کھیلنے والے 122ویں کھلاڑی ہیں۔
Published: undefined
ویبھو سوریہ ونشی نے 15 سال اور 99 دن کی عمر میں اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے 15 نومبر 1989 کو پاکستان کے خلاف کراچی میں ٹیسٹ میچ کے ذریعہ بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت ان کی عمر 16 سال اور 205 دن تھی۔ ویبھو نے اس معاملے میں صرف مردوں کی کرکٹ ہی نہیں بلکہ مجموعی طور پر ہندوستانی کرکٹ کا بھی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی خاتون کرکٹ میں سب سے کم عمر میں بین الاقوامی ڈیبیو کرنے کا ریکارڈ شیفالی ورما کے نام تھا۔ شیفالی نے 15 سال اور 239 دن کی عمر میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے 24 ستمبر 2019 کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی-20 انٹرنیشنل میچ سے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ اب ویبھو نے ان سے بھی کم عمر میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
Published: undefined
گزشتہ چند ماہ سے ویبھو سوریہ ونشی کا نام ہندوستانی کرکٹ میں مسلسل گونج رہا ہے۔ ’آئی پی ایل 2026‘ میں راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے پوری دنیا کی توجہ حاصل کی۔ اس نوجوان بلے باز نے پورے سیزن میں 776 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے کئی ریکارڈ قائم کیے اور بڑے بڑے گیند بازوں کے خلاف بے خوف انداز میں بلے بازی کی۔ آئی پی ایل 2026 میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 237.30 رہا، جو ٹی-20 کرکٹ میں ان کے جارحانہ انداز کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ آئی پی ایل کے بعد ویبھو سوریہ ونشی کو ’انڈیا اے‘ ٹیم میں شامل کیا گیا۔ سری لنکا میں منعقدہ سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بھی انہوں نے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ’سری لنکا اے‘ کے خلاف خطابی مقابلے میں ویبھو نے صرف 11 گیندوں پر نصف سنچری بنا دی، جو ’لسٹ اے‘ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کی تیز ترین نصف سنچری تھی۔
Published: undefined
بہرحال، آئرلینڈ پہنچنے کے بعد سے ہی ویبھو سوریہ ونشی مسلسل خبروں میں رہے۔ بی سی سی آئی نے ان کے پہلے نیٹ سیشن کی ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔ شائقین بھی بے صبری سے اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے، جب ویبھو پہلی مرتبہ ہندوستان کی سینئر ٹیم کے لیے میدان میں اتریں گے۔ صرف 15 برس کی عمر میں ویبھو سوریہ ونشی نے جس طرح ایک کے بعد ایک ریکارڈ قائم کیے ہیں، اس نے کرکٹ ماہرین کو بھی متاثر کیا ہے۔ کرکٹ کی دنیا کی کئی بڑی شخصیات پہلے ہی ان کی صلاحیتوں کی تعریف کر چکی ہیں۔ اب انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کے ساتھ ہی ویبھو نے اپنے کریئر کا ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ شائقین کو امید ہوگی کہ یہ نوجوان بلے باز آنے والے برسوں میں ہندوستانی ٹیم کے لیے کئی یادگار اننگز کھیلے گا اور عالمی کرکٹ میں اپنی منفرد شناخت قائم کرے گا۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined