
موہت اُلوا، تصویر ’ایکس‘ @BCCI
جب بھی ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ میچ کی بات ہوتی ہے تو ہمیشہ دونوں ملکوں کی سینئر مردوں کی کرکٹ ٹیموں کے مقابلوں کا ہی ذکر کیا جاتا ہے۔ دونوں ٹیموں نے کئی شاندار، سنسنی خیز اور حیرت انگیز مقابلے ناظرین کے سامنے پیش کیے ہیں۔ لیکن اب آنے والے برسوں میں جب بھی ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ میچ کا ذکر ہوگا تو انڈر-19 ایشیا کپ 2026 کے فائنل کا تذکرہ بھی ضرور کیا جائے گا، جس میں ہندوستانی ٹیم نے آخری گیند پر 338 رن کا ہدف حاصل کرتے ہوئے ایک وکٹ سے جیت درج کی۔ اس سنسنی خیز جیت کے ہیرو موہت اُلوا بنے، جنہوں نے دسویں نمبر پر بلے بازی کے لیے اتر کر ہندوستان کی یقینی نظر آنے والی شکست کو جیت میں بدل دیا۔ وہ دیکھتے ہی دیکھتے اچانک کس طرح ہیرو بن گئے، یہ پتہ ہی نہیں چلا۔
عمان میں کھیلے گئے ’انڈر-19 ایشیا کپ 2026‘ کے فائنل میں پاکستان نے 337 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں اچھی شروعات کے بعد ہندوستان نے تیزی سے وکٹ گنوا دیے اور 41.3 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر اس کا اسکور 252 رن تھا۔ شکست یقینی نظر آ رہی تھی، لیکن ساتویں نمبر کے بلے باز منل چوہان اور دسویں نمبر پر میدان میں اترنے والے موہت اُلوا نے پوری کہانی بدل دی۔ منل کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی موہت کریز پر ڈٹے رہے اور جب آخری گیند پر 3 رن درکار تھے تو انہوں نے چوکا لگا کر ہندوستانی ٹیم کو چمپئن بنا دیا۔
ہندوستانی ٹیم میں تیز گیند باز کی حیثیت سے کھیلنے والے موہت اس فائنل میں اپنی گیند بازی سے کوئی خاص اثر نہیں ڈال سکے تھے۔ انہوں نے 8 اوور میں 57 رن دیے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کر سکے۔ لیکن بلے سے انہوں نے اپنا تعاون دیا اور محض 26 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 49 رن کی حیرت انگیز اور میچ فتح کرانے والی اننگ کھیلی۔ اس کارکردگی سے موہت نے ثابت کر دیا کہ ان میں ایک اچھا آل راؤنڈر بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان کی اس صلاحیت پر حیرت بھی نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ انہوں نے کرکٹ کا ابتدائی سبق اسی کوچ اور اکیڈمی سے سیکھا ہے، جس نے ہندوستان کو رویندر جڈیجہ جیسا عظیم آل راؤنڈر دیا ہے۔
جی ہاں، 18 سالہ موہت اُلوا اور رویندر جڈیجہ کے درمیان یہ خاص تعلق ہے۔ گجرات کے سندر نگر میں ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے ایک جوان کے بیٹے موہت نے جام نگر میں کرکٹ کا ہنر سیکھا۔ ان کے والد کو کرکٹ کا شوق تھا، لیکن وہ خود اپنی خواہش پوری نہیں کر سکے، اس لیے انہوں نے اپنے بیٹے کو ہی کرکٹر بنا دیا۔ ’اسپورٹس اسٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق موہت کے والد نے انہیں جام نگر کی ’کرکٹ بنگلو‘ اکیڈمی میں داخل کرایا، جہاں انہوں نے اکیڈمی کے مالک اور کوچ مہندر سنگھ چوہان سے کرکٹ کی تربیت حاصل کی۔ چوہان ہی نے کئی سال پہلے رویندر جڈیجہ کو تلاش کیا تھا اور انہیں اس اسٹار کھلاڑی میں تبدیل کیا، جسے آج پوری دنیا جانتی ہے۔
موہت خود بھی پڑھائی سے بچنا چاہتے تھے، اس لیے ان کے لیے کرکٹ سے بہتر راستہ اور کیا ہو سکتا تھا۔ اسی اکیڈمی میں آ کر وہ آف اسپنر سے تیز گیند باز بن گئے اور یہ تبدیلی کوچ چوہان کے مشورے پر ہی آئی۔ لیکن اس کے علاوہ کوچ چوہان نے نوجوان موہت کو جس سب سے اہم بات کا احساس دلایا، وہ فٹنس تھی۔ موہت نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کوچ چوہان نے انہیں اپنی فٹنس پر خاص توجہ دینے کی ہدایت دی تھی۔ اسی لیے وہ میدان کے کئی چکر لگاتے تھے اور اس کے بعد فٹنس کی دوسری مشقوں میں بھی حصہ لیتے تھے۔
موہت آسٹریلیا کے کپتان اور تیز گیند باز پیٹ کمنز کے بڑے مداح ہیں۔ کمنز کی طرح وہ بھی گیند بازی کے ساتھ ساتھ بلے بازی سے اپنی ٹیم کے لیے اہم تعاون دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سوراشٹر کی جانب سے عمر کے مختلف زمروں کے کرکٹ مقابلوں میں کھیلنے کے بعد موہت نے ہندوستانی انڈر-19 ٹیم میں بھی اپنی شناخت بنائی ہے۔ ٹیم کے لیے نئی گیند سے گیند بازی کرنے والے موہت نے آسٹریلیا انڈر-19 کے خلاف یوتھ ون ڈے سیریز کے 3 میچوں میں 5 وکٹ حاصل کیے تھے۔
ایشیا کپ میں انہیں زیادہ کامیابی نہیں ملی اور 5 میچوں میں وہ صرف 3 وکٹ ہی حاصل کر سکے، لیکن جب ٹیم کو سب سے زیادہ ضرورت تھی، اس وقت انہوں نے اپنے بلے سے کمال دکھاتے ہوئے ہندوستان کو چمپئن بنا دیا۔ یہ دن نہ ہی وہ اپنی زندگی میں کبھی بھولنے والے ہیں اور نہ ہی یہ میچ دیکھنے والا کرکٹ کا کوئی شیدائی اسے بھول سکتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔