کرکٹ

انڈر-19 ایشیا کپ: ہندوستان نے فائنل میں پاکستان کے منھ سے چھینی جیت، آخری گیند پر چوکا لگا کر موہت نے بنایا چمپئن

فائنل میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 337 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں ہندوستان نے محض 252 رن پر اپنے 8 وکٹ گنوا دیے تھے۔ لیکن موہت اُلوا اور منل چوہان نے ہندوستانی ٹیم کی واپسی کرائی۔

<div class="paragraphs"><p>انڈر-19 ایشیا کپ چمپئن ہندوستانی ٹیم، تصویر ’ایکس‘ @BCCI</p></div>

انڈر-19 ایشیا کپ چمپئن ہندوستانی ٹیم، تصویر ’ایکس‘ @BCCI

 

ہندوستان نے ’انڈر-19 ایشیا کپ 2026‘ کا خطاب جیت لیا ہے۔ سنسنی خیز فائنل مقابلے میں ہندوستانی انڈر-19 ٹیم نے آخری گیند پر پاکستان کو شکست دے کر سبھی کو حیران کر دیا۔ ایک وقت پاکستان بہ آسانی فائنل مقابلہ کو جیتتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، لیکن آخری گیند پر جب ہندوستان کو 3 رنوں کی ضرورت تھی اور ہاتھ میں صرف ایک وکٹ تھا، تو موہت اُلوا نے چوکا لگا کر ہندوستانی ٹیم کو چمپئن بنا دیا۔

چوکا لگا کر ہندوستان کو چمپئن بنانے والے موہت اُلوا جشن مناتے ہوئے (دائیں)، تصویر ’ایکس‘ @BCCI

فائنل مقابلہ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 337 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں ہندوستان نے محض 252 رن پر اپنے 8 وکٹ گنوا دیے تھے۔ لیکن موہت اُلوا اور منل چوہان نے ہندوستانی ٹیم کی واپسی کرائی۔ عمان میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کے سامنے پاکستان سے گزشتہ ایشیا کپ کے فائنل میں ملی شکست کا بدلہ لینے کا ہدف تھا۔ اس کے بعد گروپ مرحلے میں ملی دل توڑنے والی شکست نے اس ہدف کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔ فائنل میں پاکستان کی جس طرح کی بلے بازی، گیند بازی اور سب سے بڑھ کر فیلڈنگ رہی، اس نے ہندوستان کو شکست کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، لیکن منل اور موہت نے بازی پلٹ دی اور ٹیم کو چمپئن بنا دیا۔

اس فائنل میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر نے دھواں دھار بلے بازی کی۔ سلامی بلے باز عثمان خان نے شاندار سنچری بناتے ہوئے 107 رن کی اننگ کھیلی، جبکہ عبدالقدیر نے محض 54 گیندوں میں تیز طرار 80 رن بنا ڈالے، جس میں 8 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ کپتان فرحان یوسف نے بھی 63 رن کا تعاون دیا۔ ہندوستان کی جانب سے کاویہ پٹیل نے 4 اور چگروپتی وینکٹا نے 3 وکٹ حاصل کیے۔

اس کے جواب میں ہندوستان کی جانب سے آریہ ویر سہواگ اور کپتان لکشیہ رائے چندانی نے بھی اچھی شروعات کی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 95 رن جوڑے، جس میں سہواگ کی 58 رن کی تیز رفتار اننگ شامل تھی۔ کچھ دیر بعد لکشیہ نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ لیکن مڈل آرڈر میں ہندوستانی بلے باز مسلسل وکٹ گنواتے رہے۔ اس میں پاکستان کی شاندار کیچنگ اور گراؤنڈ فیلڈنگ کا بھی اہم کردار رہا۔ ہندوستان نے محض 252 رن پر اپنے 8 وکٹ گنوا دیے تھے۔

اب آخری 51 گیندوں میں ہندوستان کو 86 رن درکار تھے۔ ایسے میں ساتویں نمبر کے بلے باز منل چوہان کو دسویں نمبر کے بلے باز موہت اُلوا کا ساتھ ملا۔ تیز گیند باز کی حیثیت سے موہت کے لیے یہ فائنل اچھا نہیں رہا تھا اور انہوں نے 8 اوور میں بغیر کوئی وکٹ لیے 57 رن دے دیے تھے۔ لیکن بلے سے انہوں نے اس کا حساب برابر کر دیا۔ منل اور موہت نے جوابی حملہ کرتے ہوئے محض 35 گیندوں میں 57 رن کی طوفانی شراکت داری کی اور ہندوستان کی میچ میں واپسی کرا دی۔

309 رن کے اسکور پر منل جب آؤٹ ہوئے، تو ہندوستانی خیمہ میں مایوسی پھیل گئی۔ پاکستان کو جیت کے لیے محض ایک وکٹ کی ضرورت تھی، جبکہ ہندوستان کو 29 رن بنانے تھے۔ ایسے میں آخری بلے باز وینکٹا، موہت کا ساتھ دینے میدان میں آئے۔ وینکٹا نے بھی 2 چوکے لگائے اور موہت کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رن درکار تھے، جن میں سے ابتدائی 5 گیندوں پر صرف 5 رن بن سکے۔ اب آخری گیند پر 3 رن کی ضرورت تھی اور موہت نے شاندار چوکا لگا کر ہندوستان کو چمپئن بنا دیا۔ موہت 26 گیندوں میں 49 رن بنا کر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔ اس یادگار اننگ کے لیے موہت کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔