کرکٹ

محمد سراج کو پلیئنگ الیون میں جگہ نہ دیے جانے سے کرکٹ برادری حیران، گواسکر سے لے کر سہواگ تک نے کی سلیکٹرس کی تنقید

ہرشا بھوگلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہندوستان کی جانب سے سراج کو ٹیم سے باہر رکھنے پر میں حیران اور مایوس ہوں۔ انہوں نے ہر وہ ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے جو انہیں سونپی گئی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس

 

نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے تیز گیندباز محمد سراج اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا ہے۔ حتمی الیون میں جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، انشل کمبوج اور پرسدھ کرشنا کو تیز گیندباز کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور واشنگٹن سندر کو بطور آل راؤنڈر شامل کیا گیا ہے۔ محمد سراج کو پلیئنگ الیون میں شامل نہ کیے جانے پر روی شاستری، سنیل گواسکر، ہرشا بھوگلے، وریندر سہواگ اور جتن سپرو کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

’انڈین اسپورٹس نیٹورک‘ نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر روی شاستری کا بیان پوسٹ کیا ہے۔ سابق کرکٹر نے پلیئنگ الیون میں محمد سراج اور رویندر جڈیجہ کو شامل نہ کیے جانے پر کہا کہ ’’یہ ٹیم کا انتہائی ناقص انتخاب ہے۔ محمد سراج بہترین گیند بازوں میں سے ایک ہیں۔ انگلینڈ میں اتنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے، کام کا اتنا زیادہ بوجھ اٹھانے اور ہندوستان کے بہترین گیند باز ثابت ہونے کے بعد انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم سے باہر رکھنا میری سمجھ سے بالکل باہر ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اسی طرح رویندر جڈیجہ جیسے عالمی معیار کے آل راؤنڈر کو باہر رکھنے اور ان کی جگہ واشنگٹن سندر کو کھلانے کا فیصلہ بھی میری سمجھ سے باہر ہے۔ میری رائے میں محمد سراج اور رویندر جڈیجہ دونوں کو پہلے ٹیسٹ میں ضرور کھیلنا چاہیے تھا۔ ٹیم انڈیا کا یہ فیصلہ واقعی انتہائی خراب ہے۔‘‘

’سونی اسپورٹس‘ سے بات کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے واضح طور پر کہا کہ مجھے پوری امید تھی کہ سراج اس ٹیسٹ سیریز میں کھیلیں گے لیکن پلیئنگ الیون میں ان کا نام نہ دیکھ کر کافی حیرت ہوئی۔ ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ کا یہ فیصلہ میرے لیے کافی حیران کرنے والا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ سراج کو باہر رکھنے کی کوئی معقول وجہ سمجھ نہیں آتی ہے، کیونکہ ان کی فارم کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں تھی۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ ’’جب انہیں پانچویں ونڈے میں کھلایا گیا تو مجھے لگا کہ سراج ٹیسٹ میں بھی کھلیں گے، لیکن یہ حیران کرنے والا فیصلہ ہے۔ مجھے نہیں لگتا ہے کہ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کو کبھی مایوس کیا ہے۔‘‘

معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہندوستان کی جانب سے سراج کو ٹیم سے باہر رکھنے پر میں حیران اور مایوس ہوں۔ انہوں نے ہر وہ ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے جو انہیں سونپی گئی۔ بمراہ کی غیر موجودگی میں انہوں نے بولنگ اٹیک کی ذمہ داری سنبھالی اور ایک بہترین اور مثبت سوچ رکھنے والے ٹیم پلیئر ثابت ہوئے۔ آپ کو کمبوج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہیے، لیکن مجھے امید ہے کہ سراج کے ساتھ اس معاملے پر کھل کر اور ایمانداری سے بات چیت کی جائے گی۔‘‘

’انڈین اسپورٹس نیٹورک‘ نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر سہواگ کا بیان بھی پوسٹ کیا ہے۔ سابق سلامی بلے باز کا کہنا ہے کہ ’’نیوزی لینڈ کے خلاف پلیئنگ الیون میں محمد سراج کا نام نہ دیکھ کر حیرت ہوئی، خاص طور پر انگلینڈ سیریز میں ان کی شاندار کارکردگی کے بعد۔ وہ ہندوستان کے سب سے نمایاں گیند باز رہے اور یقیناً ٹیم میں جگہ کے مستحق تھے۔ ہندوستان کے ہر گیند باز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت ہے، لیکن حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر سراج ٹیم میں جگہ کے مضبوط دعویدار تھے۔ سچ کہوں تو میری رائے میں آج محمد سراج کو نہ کھلانا سلیکشن کا انتہائی خراب فیصلہ ہے۔‘‘

کمنٹیٹر جتن سپرو نے بھی محمد سراج کو پلیئنگ الیون میں شامل نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تیز ہواؤں، پچ پر گھاس کی موجودگی، بیٹنگ کی گہرائی وغیرہ کو بنیاد بنا کر اس فیصلے کے حق میں دلائل دیے جا سکتے ہیں۔ امید ہے کہ نتیجہ ہندوستان کے حق میں رہے گا، لیکن اس کے باوجود یہ یقین کرنا بہت مشکل ہوگا کہ محمد سراج کو پلیئنگ الیون سے باہر کر دیا گیا۔ خاص طور پر بمراہ کی غیر موجودگی میں انہوں نے ہر طرح کے حالات میں دلیرانہ انداز میں ٹیم کے لیے جدوجہد کی ہے!!‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔