
پلیئر آف دی میچ جوش ہیزل ووڈ، تصویر @cricketcomau
آئندہ سال ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ سے قبل ہندوستانی ٹیم کو آج ایک بڑا سبق حاصل ہوا۔ ٹی-20 سیریز کے دوسرے میچ میں ہندوستانی ٹیم کو ملبورن میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بلے بازی آرڈر میں عجیب و غریب تبدیلی کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو آج اس کی سزا ملی، اور وہ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے محض 125 رنوں پر سمٹ گئی۔ ہندوستانی بلے بازوں کا یہ حشر آسٹریلیائی تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ نے کیا، جنھوں نے ایک ہی اسپیل میں ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو پویلین بھیج دیا۔ انھوں نے 4 اوورس میں محض 13 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، اور اس کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
Published: undefined
ملبور کرکٹ گراؤنڈ میں ہفتہ کے روز کھیلے گئے اس میچ میں بلے بازی کے 2 الگ الگ نظارے دیکھنے کو ملے۔ ایک ہی پچ پر جہاں ہندوستانی بلے باز آسٹریلیا کے سامنے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتے رہے، وہیں آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر نے پاور پلے کے اندر ہی طوفانی انداز میں رن بٹورتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی شکست کی کہانی لکھ دی۔ ہندوستانی بلے باز جہاں پورے 20 اوورس بھی نہیں کھیل پائے، وہیں آسٹریلیا نے ضرور ہدف محض 13.2 اوورس میں حاصل کر لیا۔
Published: undefined
ہندوستانی بلے بازی کے برعکس آسٹریلیائی سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ اور مشیل مارش نے بلے بازی کے ایسے جوہر دکھائے کہ آسٹریلیا کبھی بھی مشکل میں نظر نہیں آیا۔ دونوں نے پانچویں اوور میں ہی ٹیم کو 50 رن کے پار پہنچا دیا تھا۔ ٹریوس ہیڈ 28 رن بنا کر ورون چکرورتی کا شکار ہوئے، اور پھر مارش 46 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ کلدیپ یادو کے پہلے ہی اوور میں مارش نے 20 رن بنا ڈالے تھے، لیکن پھر کلدیپ کی گیند پر ہی آؤٹ بھی ہوئے۔ آسٹریلیائی اننگ جب جیت کے بہت قریب تھی، تبھی بمراہ نے لگاتار 2 وکٹ حاصل کر ٹیم میں جوش ضرور پیدا کیا، لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔
Published: undefined
ملبورن کے میدان میں ہندوستان کی ٹی-20 کرکٹ میں یہ محض دوسری شکست ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہندوستان کو پچھلی شکست 17 سال قبل 2008 میں آسٹریلیا کے خلاف ہی ملی تھی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے یہاں مستقل جیت درج کی، جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا تھا۔ آج ملی جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے 5 میچوں کی رواں ٹی-20 سیریز میں 0-1 کی سبقت بنا لی ہے۔ پہلا میچ بارش کے سبب رَد ہو گیا تھا۔ اب باقی بچے میچوں میں تینوں ہی ہندوستان کو جیتنے ہوں گے، تبھی سیریز پر قبضہ ہو پائے گا۔
Published: undefined
پہلے بلے بازی کر رہی ہندوستانی ٹیم آٹھویں اوور میں صرف 49 رن تک ہی اپنے 5 وکٹ گنوا چکی تھی۔ جوش ہیزل ووڈ نے خطرناک گیندبازی کرتے ہوئے شبھمن گل، سوریہ کمار یادو اور تلک ورما جیسے بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سلامی بلے باز ابھشیک شرما کی ضرور تعریف کرنی ہوگی، جنھوں نے ایک سرے کو پکڑ کر تیزی سے رن بنائے۔ انھوں نے 37 گیندوں میں 68 رنوں کی اننگ کھیلی، ورنہ ہندوستان کے لیے تو 50 رن تک پہنچنا بھی مشکل نظر آ رہا تھا۔ ہندوستان کے لیے ہرشت رانا (35 رن) دوسرے ایسے بلے باز رہے، جنھوں نے دوہرے ہندسے کو چھوا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined