
تصویر سوشل میڈیا، @ICC
انڈر-19 ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ 2027 کا انعقاد 21 جنوری سے بنگلہ دیش اور نیپال میں ہوگا۔ اس تیسرے ایڈیشن میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 41 میچ کھیلے جائیں گے۔ موجودہ چمپئن ہندوستان کو گروپ اے میں آئرلینڈ، نیپال اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 22 جنوری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کرے گی، پھر 22 جنوری کو نیپال اور 26 جنوری کو آئرلینڈ کا سامنا کرے گی۔ دوسری جانب پاکستان کو گروپ بی میں جگہ ملی ہے یعنی گروپ اسٹیج میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹکر نہیں ہوگی۔
مشترکہ میزبان نیپال 22 جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ بنگلہ دیش پہلے روز یعنی 21 جنوری کو یو اے ای کے خلاف پہلا میچ کھیلے گا۔ ٹورنامنٹ کے مقابلے دونوں میزبان ممالک کے 4 اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ بنگلہ دیش میں چٹگاؤں کا بیر شریشٹھ شہید فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمٰن کرکٹ اسٹیڈیم اور سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میچوں کی میزبانی کریں گے۔ نیپال کی راجدھانی کاٹھمنڈو میں واقع تریبھون یونیورسٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اور اَپر مُلپانی انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ پر مقابلے کھیلے جائیں گے۔
گروپ اسٹیج کے میچز 26 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں سپر 6 میں پہنچیں گی، جہاں انہیں 2 گروپ میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ دونوں سیمی فائنل مقابلے 4 فروری کو چٹگاؤں کے بیر شریشٹھ شہید فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمٰن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ضرورت پڑنے پر 5 فروری کو ریزرو ڈے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ فائنل 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔ خطابی مقابلے کے لیے 7 فروری کو ریزرو ڈے کے طور پر رکھا گیا ہے۔
گروپ اے: ہندوستان، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال
گروپ بی: جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، پاکستان، ساموا
گروپ سی: آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نائجیریا، یو اے ای
گروپ ڈی: انگلینڈ، سری لنکا، امریکہ، اسکاٹ لینڈ
آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا نے کہا کہ انڈر-19 ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے اور تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق 16 ٹیموں کی شرکت ویمنز کرکٹ میں بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے ساتھ ابھرتے ہوئے کرکٹ ممالک کو بھی آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔