
پاکستان کی جیل میں قید سابق کرکٹر اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صحت کے متعلق پوری دنیا کی کرکٹ برادری فکر مند ہے۔ ان کے ساتھ میدان میں مقابلہ کرنے والے کئی سابق کرکٹرز نے کھل کر ان کی حمایت کی ہے، پاکستانی حکومت سے انہیں مناسب طبی امداد اور باوقار حالات فراہم کرنے کے متعلق خط بھی لکھا ہے۔ اب سابق کپتان محمد اظہرالدین نے بھی عمران خان کی صحت کے متعلق تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ احترام سے پیش آنا چاہیے۔
Published: undefined
ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’عمران بھائی کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔ کرکٹ میں ہم نے کئی لمحات ساتھ گزارے ہیں، اور ایک ساتھی کھلاڑی کے طور پر جس نے ان کے ساتھ پلیٹ فارم شیئر کیا اور ان سے سیکھا ہے، میں دل سے اپیل کرتا ہوں کہ ان کے ساتھ احترام سے پیش آیا جائے۔ ان کی اچھی صحت اور ان کے اہل خانہ کی ہمت کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘
Published: undefined
اظہرالدین کی طرح ہندوستانی ٹیم کے دیگر سابق کپتان سوربھ گانگولی نے بھی عمران خان کے مناسب علاج کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔ گانگولی نے منگل (17 فروری) کو کئی سابق بین الاقوامی کپتانوں کی جانب سے عمران خان کے لیے بین الاقومی معیارات کے مطابق بہتر علاج اور باوقار حالات فراہم کرنے کی اپیل کی تائید کی۔ سوربھ گانگولی نے اپنی اپیل میں کہا کہ کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران نے پاکستان کے لیے بطور کپتان اور وزیر اعظم اہم کردار ادا کیا ہے، ایسے میں ان کی صحت کا خیال رکھا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’سابق کپتانوں نے جو اپیل کی ہے، وہ صحیح قدم ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان کی صحت بہتر ہوگی اور انہیں مناسب علاج ملے گا۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ اس سے قبل سنیل گواسکر اور کپل دیو سمیت دنیا بھر کے 14 سابق کپتانوں نے بھی طویل عرصے سے جیل میں بند عمران خان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی پاکستانی حکومت سے خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ انہیں بین الاقوامی معیارات کے مطابق بہتر علاج اور باوقار حالات فراہم کیے جائیں۔ اس خط پر سنیل گاوسکر اور کپل دیو کے علاوہ ایلن بارڈر، ڈیوڈ گاور، مائیکل ایتھرٹن، گریگ چیپل، ایان چیپل، کلائیو لائیڈ، اسٹیو وا، مائیکل بریئرلی، بیلینڈا کلارک، کم ہیوز، ناصر حسین اور جان رائٹ نے بھی دستخط کیے ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں مناسب طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث اپنی دائیں آنکھ کی تقریباً 85 فیصد بینائی کھو چکے ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو 2023 میں بدعنوانی کے ایک مقدمے میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined