خطابی مقابلہ جیتنے کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ودربھ کے کھلاڑی، تصویر بشکریہ @BCCIdomestic
ایرانی کپ 26-2025 کا میچ رنجی چمپئن ودربھ اور ریسٹ آف انڈیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ ناگپور کے میدان میں کھیلے گئے اس میچ میں ودربھ کی ٹیم نے 93 رنوں سے شاندار جیت حاصل کر تیسری بار خطاب اپنے نام کیا ہے۔ ودربھ کی جانب سے اس میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، حالانکہ ریسٹ آف انڈیا کی ٹیم نے آخری اننگ میں کچھ مزاحمت کی لیکن جیت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ پہلی اننگ میں ودربھ کی جانب سے شاندار سنچری اسکور کرنے والے اتھاروا تائیڈے کو مین آف دی میچ دیا گیا۔ واضح ہو کہ ودربھ نے اس سے قبل 18-2017 اور 19-2018 کے سیزن میں بھی ایرانی کپ کا خطاب جیتا تھا۔
Published: undefined
ودربھ نے خطابی مقابلہ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا، جو درست ثابت ہوا۔ ودربھ نے پہلی اننگ میں 342 رن بنائے، سلامی بلے باز اتھاروا تائیڈے نے 15 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے شاندار 143 رن بنائے۔ تائیڈے کے علاوہ یش راٹھور نے بھی 91 رنوں کی بہترین اننگ کھیلی۔ ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے آکاش دیپ اور مانو ستھار نے سب سے زیادہ 3-3 وکٹ اپنے نام کیے۔ 342 رنوں کے جواب میں ریسٹ آف انڈیا کی بلے بازی کچھ خاص نہیں رہی، پوری ٹیم 69.5 اوورس میں 214 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے کپتان رجت پاٹیدار نے 66 اور ابھیمنیو ایشورن نے 52 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ودربھ کی جانب سے یش ٹھاکر سب سے کامیاب گیندباز رہے، انہوں نے 4 وکٹ حاصل کیے۔ جبکہ ہرش دوبے اور پارتھو ریکھاڑے کو 2-2 وکٹیں ملیں۔
Published: undefined
پہلی اننگ میں برتری حاصل کرنے کے بعد ودربھ کی ٹیم دوسری اننگ میں 232 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ودربھ نے ریسٹ آف انڈیا کو جیت کے لیے 361 رنوں کا ہدف دیا۔ 361 رنوں کا تعاقب کرنے اتری ریسٹ آف انڈیا کی ٹیم ناقص بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 267 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ صرف یش دھول 92 رن اور مانو ستھار 56 رن ہی کچھ مزاحمت کر پائے۔ ودربھ کی جانب سے ہرش دوبے نے سب سے زیادہ 4 وکٹ حاصل کیے۔ جبکہ یش ٹھاکر اور آدتیہ ٹھاکرے نے 2-2 وکٹ اپنے نام کیے۔
Published: undefined