
نیوزی لینڈ، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستان کے خلاف ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ زخمی ہونے کے باعث ونڈے سیریز سے باہر رہے آل راؤنڈر رچن رویندر اور وکٹ کیپر بلے باز ڈیوون کانوے کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ رویندر ستمبر میں ایک پرموشنل شوٹ کے دوران ڈائیونگ کیچ لینے کی کوشش میں اپنے دائیں کندھے کو زخمی کر بیٹھے تھے۔ اس وجہ سے وہ ہندوستان کے خلاف ٹی-20 اور ونڈے سیریز سے باہر ہو گئے۔ ڈیوون کانوے ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز شروع ہونے سے قبل پریکٹس کے دوران میٹری ہینری سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں کنکشن کا مسئلہ پیش آیا تھا اور اس وجہ سے انہیں ونڈے سیریز سے باہر ہونا پڑا تھا۔ رچن ریویندر اور کانوے کی واپسی سے نیوزی لینڈ کی بلے بازی مضبوط ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا کہ ’’رچن رویندر، ڈیوون کانوے اور وکٹ کیپر ٹام بلنڈیل اپنی اپنی چوٹوں سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہونے کا ہدف لے کر چل رہے ہیں۔‘‘ اگر بلنڈیل ہندوستان کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچ کھیلتے ہیں تو وہ اپنے کیریئر کے 50 ٹیسٹ مکمل کر لیں گے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں تقریباً وہی کھلاڑی شامل ہیں جن کی بدولت ٹیم نے انگلینڈ کو اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ سیریز میں شامل رہے ول او رورکے ورک لوڈ مینجمنٹ، جبکہ بین سیئرس اور جیک فاؤلکس انجری کے باعث ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں ہیں۔ ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے بی جے واٹلنگ نیوزی لینڈ کے بیٹنگ کوچ کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں۔ وہ لیوک رونچی کی جگہ لیں گے۔
ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ 2027 کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کیوی ٹیم کے لیے یہ ہوم ٹیسٹ سیریز انتہائی اہم ہے۔ نیوزی لینڈ فی الحال ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم: ٹام لیتھم (کپتان)، ٹام بلنڈیل (وکٹ کیپر)، ڈیوون کانوے، جیکب ڈفی، میٹ ہینری، کائل جیمیسن، ڈیرل مچل، ہینری نکولس، گلین فلپس، رچن رویندر، مچل سینٹنر، ناتھن اسمتھ، بلیئر ٹکنر اور ول ینگ۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔