
سرفراز خان، تصویر @BCCI
نوجوان بلے باز سرفراز خان ان دنوں ہندوستانی ٹیم سے باہر سے چل رہے ہیں۔ سابق کرکٹر آکاش چوپڑا کے شو ’بیٹھ اور بول‘ میں سرفراز خان نے اپنے اس برے دور پر بات کی جب ان کے اوپر ڈریسنگ روم کی باتیں لیک کرنے کے الزام عائد ہوئے تھے۔ اسے یاد کرتے ہوئے وہ اداس ہو گئے اور بتایا کہ ان کے قریبی لوگوں نے ان کے فون کالز اٹھانے بند کر دیے تھے۔ انہیں پہلا کال کرنے والے کچ گوتم گمبھیر تھے۔
آکاش چوپڑا نے جب خبریں لیک کرنے کے الزامات پر سرفراز خان سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’’پہلے تو بہت تکلیف ہوئی تھی کہ ایسا کیوں ہوا؟ میں ابھی اپنی فلائٹ سے اترا ہی تھا کہ مجھے فون اور میسجز آنے لگے۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ بات پھیلنے لگی۔ بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے دوران مجھے چوٹ لگی تھی۔ میں این سی اے میں صحت یاب ہونے کے لیے ری ہیب کر رہا تھا کہ اسی دوران یہ خبر آ گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں بات کرتا تو کس سے کرتا؟ ایسا کچھ تھا نہیں، اگر ایسا ہوتا تو میں دوبارہ انڈیا اے ٹیم میں نہیں آتا۔ ابھی سری لنکا گیا تھا تو سوشل میڈیا پر یہ بات کیسے پھیل گئی؟ مجھے بھی نہیں معلوم، لیکن اس وقت مجھے بہت برا لگا تھا۔‘‘
سرفراز خان نے بتایا کہ ’’ایسے وقت میں کوئی فون بھی نہیں اٹھاتا تھا۔ وہ میرے گھر والوں کے لیے بہت برا وقت تھا۔ میری زندگی میں تو جدوجہد بہت رہی ہے اس لیے میں یہ سب برداشت کر لوں گا، لیکن والد کے لیے برا لگتا ہے۔ اہلیہ، بھائی اور والدہ کے لیے بہت برا لگا تھا۔ سوشل میڈیا پر کوئی چھوٹی سی بات بھی آ جائے تو وہ بہت بڑی بن جاتی ہے۔‘‘ سرفراز خان نے بتایا کہ 2 روز بعد انہیں گوتم گمبھیر سر کا فون آیا۔ انہوں نے ان سے کھیل پر توجہ دینے کے لیے کہتے ہوئے کہا کہ ’’ان باتوں پر توجہ مت دو، وہ سب سیاست ہے۔‘‘ سرفراز نے مزید بتایا کہ ’’میں نے سر سے کہا کہ میرے والد غمزدہ ہیں اور میری اہلیہ رو رہی تھیں۔ تو سر نے پھر والد سے بات کی، انہیں سمجھایا اور کہا کہ وہ اچھا کرکٹر ہے اور اسے کھیلنے دو، ان باتوں پر توجہ مت دو۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔