کرکٹ

جے شاہ کو پھر ملی آئی سی سی کی ذمہ داری، دوسری مدت کار کے لیے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

اپنی پہلی مدت کار (2026-2024) کے دوران جے شاہ نے ورلڈ کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچایا۔ جے شاہ نے یکم دسمبر 2024 کو آفیشیل طور پر پہلی بار آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>آئی سی سی چیئرمین جے شاہ، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@ICC</p></div>

آئی سی سی چیئرمین جے شاہ، تصویر سوشل میڈیا @ICC

 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انڈونیشیا کے بالی میں منعقدہ اپنی اہم بورڈ میٹنگ میں جے شاہ کو دوسری مدت کار کے لیے بلا مقابلہ آئی سی سی چیئرمین منتخب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے پیش کی گئی تجویز کو تمام ممبران نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ دوسری مدت کار کی ذمہ داری ملنے پر جے شاہ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینا ایک اعزاز کی بات ہے اور بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ اپنی پہلی مدت کار (2026-2024) کے دوران جے شاہ نے ورلڈ کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچایا۔ جے شاہ نے یکم دسمبر 2024 کو آفیشیل طور پر پہلی بار آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔ وہ 35 سال کی عمر میں اس عہدہ پر پہنچ کر آئی سی سی کی تاریخ کے سب سے کم عمر چیئرمین بنے تھے۔ اس سے قبل جے شاہ اکتوبر 2019 سے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر کامیابی سے خدمت انجام دے چکے تھے۔

جے شاہ نے بطور آئی سی سی چیئرمین اپنی پہلی مدت کار کے دوران کئی بڑے فیصلے لیے۔ 128 سال بعد اولمپک میں کرکٹ کی واپسی میں ان کا اہم تعاون رہا۔ ساتھ ہی خواتین کرکٹ کی عالمی ترقی، شائقین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور خواتین ٹورنامنٹس کے بزنس ویلیو کو بڑھانے پر خاص زور دیا۔ سیاسی چیلنجز کے درمیان 2025 چمپئنز ٹرافی اور 2026 ٹی-20 ورلڈ کپ جیسے بڑے آئی سی سی ٹورنامنٹ کو کامیاب بھی بنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کی غیرجانبداری برقرار رکھنے کے علاوہ ابھرتے ہوئے ایسوسی ایٹ کرکٹ ممالک کے لیے بنیادی ڈھانچے اور مالی تعاون کو بھی مضبوط کیا۔

آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے دوبارہ ملی ذمہ داری پر کہا کہ ’’آئی سی سی بورڈ نے مجھ پر جو بھروسہ دکھایا ہے وہ میرے لیے باعث فخر ہے اور میں تمام ڈائریکٹرز کی مسلسل حمایت پر ان کا تہ دل سے شکرگزار ہوں۔ آئی سی سی چیئرمین کے طور پر کام کرنا ایک خوشی اور ذمہ داری دونوں ہے۔ میں دنیا بھر میں کرکٹ کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے ممبرز کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ہماری ذمہ داری صرف کامیاب ایونٹس کی فراہمی تک محدود نہیں ہے۔ ہمیں شائقین، ایتھلیٹس، کمرشیل پارٹنرس اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کھیل کے لیے ایک مضبوط اور زیادہ پائیدار مستقبل بنانا ہوگا۔‘‘