آئی اے این ایس
ناگپور: ابھیشیک شرما کی دھماکہ خیز اننگز اور گیندبازوں کی منظم کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹی 20 مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ 5 میچوں کی سیریز میں ہندوستان نے 1-0 کی سبقت حاصل کر لی۔
ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کرنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کو ابتدا میں کامیابی ملی اور ہندوستان کی دو وکٹیں 27 رنز پر گر گئیں، مگر اس کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو اور ابھیشیک شرما نے اننگز کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 99 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
Published: undefined
سوریہ کمار یادو نے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 35 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
درمیانی اوورز میں ہاردک پانڈیا نے تیز رفتار 25 رنز جوڑے، تاہم شیوم دوبے اور اکشر پٹیل زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔ آخری اوورز میں رنکو سنگھ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر ناقابل شکست 44 رنز بنائے، جس سے ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
Published: undefined
239 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی شروعات نہایت خراب رہی اور ابتدائی دو وکٹیں صرف دو رنز پر گر گئیں۔ اس دباؤ کے باوجود گلین فلپس نے ٹم رابنسن کے ساتھ ذمہ داری سنبھالی اور رنز بنانے کی کوشش کی۔ بعد میں مارک چیپ مین نے بھی فلپس کا ساتھ دیا، مگر وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ گلین فلپس نے 78 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے ۔
ہندوستانی گیندبازوں نے آخری اوورز میں نظم و ضبط برقرار رکھا اور نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں پر 190 رنز تک محدود کر دیا۔ اس طرح ہندوستان نے مقابلہ 48 رنز سے اپنے نام کیا۔ شاندار بلے بازی پر ابھیشیک شرما کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
(ان پٹ: یو این آئی)
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined