محمد شامی، تصویر @BCCI
آسٹریلیا میں جہاں ہندوستانی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہیں دوسری طرف ہندوستان کے مایہ ناز تیز گیندباز محمد شامی ٹیم میں واپسی کے لیے جی توڑ محنت کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ انھیں بارڈر-گواسکر ٹرافی کے آخری دو میچوں کے لیے آسٹریلیا بھیجا جا سکتا ہے اور صرف این سی اے سے فٹ نس سرٹیفکیٹ ملنا باقی ہے۔ اب محمد شامی نے اپنی فٹ نس کا بہترین ثبوت سید مشتاق علی ٹرافی میں دیا ہے۔ انھوں نے نہ صرف شاندار گیندبازی کی، بلکہ طوفانی بلے بازی کے ذریعہ اپنی ٹیم کو فتحیاب کرایا۔
Published: undefined
دراصل محمد شامی نے سید مشتاق علی ٹرافی میں بنگال کے لیے کھیلتے ہوئے چنڈی گڑھ کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے وہ آسٹریلیا جانے کے لیے بے قرار ہیں، اور اسی لیے وہ گیندبازی کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی اپنا پورا دم دکھا رہے ہیں۔ انھوں نے اس میچ میں 17 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے طوفانی انداز میں ناٹ آؤٹ 32 رن بنائے اور ایک وکٹ بھی حاصل کیا۔
Published: undefined
بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں محمد شامی نے ایک اہم موقع پر یہ رن بنائے۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگال کی ٹیم نے 114 رن پر ہی 8 وکٹ گنوا دیے تھے۔ ایسے میں بنگال کی ٹیم مشکل میں پھنسی ہوئی تھی، اور پھر محمد شامی نے وکٹ پر اترتے ہی تیزی کے ساتھ رن بنانا شروع کر دیا۔ ٹی-20 فارمیٹ والے اس میچ میں شامی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رن بنائے۔ شامی کی اس اننگ کی بدولت بنگال 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔
Published: undefined
بلے بازی کے بعد محمد شامی نے گیندبازی بھی بہترین کی۔ انھوں نے 4 اوور میں محض 25 رن دے کر سلامی بلے باز ارسلان خان کو آؤٹ کیا۔ یہ وکٹ انھوں نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا تھا۔ سیان گھوش نے ان کا بھرپور ساتھ دیا جنھوں نے 4 اوورس میں 30 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کنشک گھوش (4 اوورس میں 35 رن) نے 2 کھلاڑیوں کو اور شہباز احمد (4 اوورس میں 25 رن) نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ چنڈی گڑھ کی ٹیم 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 156 رن ہی بنا سکی، اور اس طرح بنگال نے 3 رن سے جیت حاصل کر لی۔
Published: undefined
محمد شامی کی اس کارکردگی سے امیدیں کافی بڑھ گئی ہیں اور کبھی بھی انھیں فٹ نس سرٹیفکیٹ مل سکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنا تیسرا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے برسبین میں کھیلے گی۔ چونکہ اس میں زیادہ وقت نہیں بچا ہے، اس لیے محمد شامی چوتھے ٹیسٹ میچ سے ہی ہندوستانی ٹیم کا حصہ بن پائیں گے، جو کہ 26 دسمبر سے ملبورن میں کھیلا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined