کرکٹ

کولمبو ٹیسٹ: سونل دنوشا نے ہندوستان سے چھینی جیت، دوسرا ٹیسٹ ڈرا

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ’ڈرا‘ پر ختم ہوا۔ ٹیم انڈیا نے 2 میچوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی، سیریز کا پہلا میچ ہندوستان نے 165 رنز سے اپنے نام کیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>سونل دنوشا، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

سونل دنوشا، تصویر/آئی اے این ایس

 

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ’ڈرا‘ پر ختم ہوا۔ اسی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے 2 میچوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی۔ جمعرات کو میچ کے پانچویں دن میزبان ملک نے اپنی دوسری اننگ میں 9 وکٹ کے نقصان پر 429 رنز بنا لیے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک نے ڈرا پر رضامندی ظاہر کی۔ ہندوستانی ٹیم چاہتی تھی کہ وہ میچ کے پانچویں دن سری لنکائی ٹیم کے آخری 4 وکٹ جلد حاصل کرکے آسان ہدف حاصل کرتے ہوئے جیت درج کرے، لیکن سونل دنوشا نے میچ کی مسلسل دوسری اننگ میں سنچری بنا کر مہمان ٹیم کے ارادوں پر پانی پھیر دیا۔ سونل دنوشا کو پلیئر آف دی میچ اور دیودت پڈیکل کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگ 9/503  کے اسکور پر ڈکلیئر کردی۔ اس اننگ میں دیودت پڈیکل اور شبھمن گل کے درمیان 120 رنز کی شراکت داری ہوئی جبکہ رشبھ پنت نے دھرو جوریل کے ساتھ 112 رنز جوڑے۔ پڈیکل نے 12 چوکوں کی مدد سے 117 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ جوریل 115 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پنت 63 رنز اور کپتان گل 50 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پربھات جے سوریہ اور کیشرا نوانتھا نے 2-2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس کے جواب میں سری لنکا کی پہلی اننگ 290 رنز پر سمٹ گئی۔ میزبان ٹیم نے 35 کے اسکور تک 3 وکٹیں گنوا دی تھیں، جس کے بعد پسندو سوریابندارا (80) نے کامندو مینڈس (32) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 87 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا۔ سری لنکا نے 173 کے اسکور تک 7 وکٹیں گنوا دی تھیں۔ اس کے بعد سونل دنوشا (103) نے محاذ سنبھالا۔ انہوں نے کیشرا نوانتھا کے ساتھ 57 رنز جبکہ لہرو کمارا (12) کے ساتھ 58 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو 290 کے اسکور تک پہنچایا لیکن فالو آن سے نہیں بچا سکے۔ ہندوستان کے لیے پرسدھ کرشنا اور مانو ستھار نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سارنش جین کو 2 کامیابیاں ملیں۔

ہندوستان نے سری لنکا کو فالو آن کھیلنے پر مجبور کیا۔ اس کے جواب میں سری لنکائی ٹیم نے 63 کے اسکور تک 2 وکٹیں گنوا دی تھیں۔ اس کے بعد پسندو سوریابندارا نے کامندو مینڈس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 115 رنز جوڑ کر ٹیم کو 178 کے اسکور تک پہنچایا۔ سوریابندارا 92 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ چوتھے دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگ میں 6 وکٹ کے نقصان پر 229 رنز بنا لیے تھے۔ یہاں سے اس کے پاس صرف 16 رنز کی برتری تھی، لیکن آخری دن ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے آخری 4 وکٹ حاصل نہیں کر سکی۔

سونل دنوشا نے کیشرا نوانتھا کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز جوڑے۔ کیشرا 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد سونل نے محاذ سنبھالے رکھا۔ سونل آخر تک کریز پر ڈٹے رہے۔ انہوں نے 264 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 133 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔ اس اننگ میں ہندوستان کے لیے رویندر جڈیجہ اور مانو ستھار نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پرسدھ کرشنا، محمد سراج اور سارنش جین کو 1-1 وکٹ ملی۔ ہندوستان نے سیریز کا پہلا میچ 165 رنز سے اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد سیریز ڈرا کرانے کے لیے سری لنکائی ٹیم کو یہ مقابلہ ہر حال میں جیتنا تھا، لیکن دوسرا مقابلہ ڈرا رہنے کے باوجود یہ سیریز ہندوستان نے اپنے نام کر لی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔