
یک روزہ عالمی کپ 2027، تصویر ’ایکس‘ @ICC
بین الاقوامی کرکٹ میں تیزی سے ابھرتی افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے ایک اور بڑی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ افغانستان نے باضابطہ طور پر ’آئی سی سی یک روزہ عالمی کپ 2027‘ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔ افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلی جا رہی یک روزہ سیریز کے دوران اپنا ٹکٹ عالمی کپ کے لیے پختہ کر لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا مقابلہ مسلسل بارش کے باعث ایک بھی گیند پھینکے بغیر منسوخ ہو گیا تھا۔ دوسرے مقابلے میں افغانستان نے آئرلینڈ پر فتح حاصل کی۔ اسی کے ساتھ آئرلینڈ کی براہ راست کوالیفکیشن کی بچی کھچی امیدیں بھی پوری طرح ختم ہو گئیں اور افغانستان کا راستہ صاف ہو گیا۔
یک روزہ کرکٹ میں ٹیموں کی رینکنگ میں 12ویں مقام پر موجود آئرلینڈ کو براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے افغانستان کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ کرنا ضروری تھا، ساتھ ہی اسے ویسٹ انڈیز کے ہونے والے مقابلوں پر بھی انحصار کرنا پڑتا۔ لیکن پہلے ہی میچ میں ایک بھی گیند پھینکے بغیر میچ منسوخ ہونے کے باعث آئرلینڈ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
افغانستان کے براہ راست عالمی کپ ٹورنامنٹ میں داخلہ کے بعد آئرلینڈ کو اب مین ٹورنامنٹ میں پہنچنے کے لیے گلوبل کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ذریعے اپنی جگہ بنانے کی کوشش کرنی ہوگی۔ یک روزہ عالمی کپ میں براہ راست کوالیفکیشن حاصل کرنے کا اصول بالکل واضح ہے۔ آئی سی سی کے قوانین کے تحت ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے فل ممبر ممالک براہ راست کوالیفائی کر جاتے ہیں۔ اسی بنیاد پر جنوبی افریقہ اور زمبابوے نے 2027 عالمی کپ کے لیے اپنی جگہ پہلے ہی پختہ کر لی ہے۔ میزبان ممالک کو چھوڑ کر ’کٹ آف تاریخ‘ تک آئی سی سی یک روزہ رینکنگ کی ٹاپ-8 ٹیمیں براہ راست ٹورنامنٹ میں جگہ بنائیں گی۔ آئی سی سی نے براہ راست کوالیفکیشن حاصل کرنے کے لیے 30 ستمبر 2026 کو ’کٹ آف تاریخ‘ مقرر کی ہے۔ موجودہ رینکنگ کے حساب سے ہندوستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور افغانستان کی جگہ پختہ ہو چکی ہے۔ مزید ایک ٹیم اب بھی براہ راست کوالیفائی کر سکتی ہے، جسے بنگلہ دیش تصور کیا جا رہا ہے۔
بہرحال، گزشتہ چند برسوں میں عالمی کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے شناخت بنانے والی افغان ٹیم کے لیے یہ کوالیفکیشن بہت خاص ہے۔ وہ گزشتہ ایڈیشن میں بھی براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی تھی، جہاں اس نے چھٹے مقام پر اپنی مہم ختم کی تھی۔ لیگ مرحلے میں افغانستان نے انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا اور نیدرلینڈز جیسی ٹیموں کو شکست دی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔