فکر و خیالات

سہیل عظیم آبادی: باغی صحافی اور اردو کے شیدائی...شاہد صدیقی علیگ

سہیل عظیم آبادی نامور افسانہ نگار اور باغی صحافی تھے۔ انہوں نے برطانوی استعمار کے خلاف قلم اٹھایا، اردو کے فروغ، ہندو مسلم اتحاد، انسان دوستی اور سیکولرازم کے لیے عمر بھر جدوجہد کی

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>

علامتی تصویر / اے آئی

 

سید مجیب الرحمن، جنہیں ادبی دنیا میں سہیل عظیم آبادی کے نام سے جانا جاتا ہے، اردو کے ممتاز افسانہ نگار، بلند پایہ صحافی، اردو زبان کے شیدائی، محب وطن، انسان دوست اور سیکولرازم کے علمبردار تھے۔ انہوں نے اپنے قلم کے ذریعے اپنے عہد کی سیاسی، سماجی، اصلاحی اور قومی تحریکوں کو نہ صرف محفوظ کیا بلکہ اپنی باغیانہ تحریروں سے برطانوی استعمار کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کی بھرپور کوشش بھی کی۔ ان کی زندگی ادب، صحافت، قومی جدوجہد اور اردو زبان کی خدمت کا ایک ایسا امتزاج تھی، جسے فراموش کرنا آسان نہیں۔

سہیل عظیم آبادی کے آبا و اجداد تقریباً آٹھ سو سال قبل مکہ معظمہ سے ہندوستان آئے تھے۔ یکم جولائی 1911 کو پٹنہ میں پیدا ہونے والے سہیل بچپن ہی میں ماں کی ممتا سے محروم ہوگئے۔ ان کے والد میر حبیب الرحمن مذہبی رجحان رکھنے والی شخصیت تھے اور اپنے فرزند کو حافظ قرآن اور عالم دین بنانا چاہتے تھے۔ اسی مقصد کے تحت سہیل نے ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی، تاہم ان کا تعلیمی سفر مختلف مدارس اور اسکولوں سے ہوتا ہوا آگے بڑھا۔ مدرسہ شمس الہدیٰ پٹنہ، مظفر پور ضلع اسکول، اسلامیہ ہائی اسکول اٹاوہ اور دوارکا ہائی اسکول مظفر پور جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے باوجود وہ کہیں امتحانی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

ان کی زندگی میں مظفر پور ضلع اسکول کے استاد مولوی سید خورشید حسن کا کردار خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی ترغیب پر سہیل نے سرسید احمد خان، ڈپٹی نذیر احمد، شبلی نعمانی، رتن ناتھ سرشار اور پریم چند جیسے ادیبوں کی کتابیں پڑھیں، جس سے ان کے ادبی ذوق اور فکری شعور کو جلا ملی۔ بعد میں کلکتہ پہنچ کر انہوں نے ’سہیل جمیلی‘ کے نام سے نظمیں اور اخبارات کے لیے مضامین لکھنے شروع کیے۔ ہفتہ وار اخبار ’اداکار‘ میں ان کا پہلا افسانہ ’سحر نغمہ‘ شائع ہوا، جس نے ان کے ادبی سفر کی بنیاد مضبوط کی۔

1932 میں انہوں نے قوم پرست رہنما مولانا شفاعت اللہ خاں کے اخبار ’ہمدرد‘ میں ملازمت اختیار کی۔ کلکتہ میں قیام کے دوران مولانا ابوالکلام آزاد اور مولانا عبدالرزاق ملیح آبادی جیسی شخصیات کی صحبت سے بھی انہیں استفادہ کرنے کا موقع ملا۔ ان ملاقاتوں نے ان کے ادبی اور صحافتی شعور کو مزید پختہ کیا۔ ’ہمدرد‘ کے مدیر مولانا شفاعت اللہ خاں برطانوی حکومت کے سخت مخالف تھے اور اپنے کارکنوں کو صحافت کے ذریعے استعمار کے خلاف جدوجہد کا درس دیتے تھے۔

جب مدیر کی علالت کے باعث اخبار کا اداریہ لکھنے کی ذمہ داری سہیل عظیم آبادی کو سونپی گئی تو انہوں نے اپنے قلم کی قوت اور جرات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان دنوں خان عبدالغفار خاں کے صاحبزادے ولی خاں ملتان جیل میں بھوک ہڑتال کررہے تھے۔ سہیل نے برطانوی انتظامیہ کی پروا کیے بغیر اس کے اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے اداریہ لکھا۔ ان کی تحریر سے ناراض حکومت نے اخبار سے پانچ ہزار روپے کی ضمانت طلب کی۔ اس دباؤ کے نتیجے میں ’ہمدرد‘ بند ہوگیا اور سہیل عظیم آبادی پٹنہ واپس آگئے۔ یہ واقعہ ان کی صحافتی زندگی میں باغیانہ مزاج اور آزادی اظہار کے عزم کی نمایاں مثال بن گیا۔

1936 میں وہ کانگریس سوشلسٹ پارٹی کے رکن بنے، جس کا مقصد آزادی کے ساتھ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا تھا جو سماجی اور معاشی عدم مساوات سے پاک ہو۔ 1937 میں ان کی شادی پٹنہ کے بشیر احمد کی دختر بی بی سائرہ سے ہوئی۔ اسی دور میں ان کی ملاقات بابائے اردو مولوی عبدالحق سے ہوئی، جن کی شخصیت اور اردو زبان کے لیے خدمات نے سہیل کو بے حد متاثر کیا۔ وہ مولوی عبدالحق کے مخلص رفیق بن گئے اور بہار میں اردو کی ترویج و اشاعت کے لیے سرگرم ہوگئے۔ رانچی میں چھوٹا ناگپور اردو مرکز قائم کرکے انہوں نے قبائلی اور عیسائی برادریوں کے افراد کو اردو سکھانے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کیں۔ اپنے اخبار ’ساتھی‘ اور ماہنامہ ’تہذیب‘ کے ذریعے بھی انہوں نے اردو زبان کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

سہیل عظیم آبادی دو قومی نظریے کے سخت مخالف تھے اور ہندو مسلم اتحاد کے حامی رہے۔ آزادی کے بعد انہوں نے اپنی زندگی ادبی سرگرمیوں کے لیے وقف کردی۔ 1955 سے 1970 تک آل انڈیا ریڈیو سے وابستہ رہے اور منفرد پروگراموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ بہار اردو اکاڈمی کے سکریٹری کی حیثیت سے تین سال خدمات انجام دینے کے ساتھ انہوں نے ادارے کے رسالے ’زبان و ادب‘ کی ادارت بھی سنبھالی۔

29 نومبر 1979 کو الٰہ آباد میں، جہاں وہ اردو کانفرنس چنڈی گڑھ سے شرکت کے بعد امرت رائے کے یہاں مقیم تھے، علی الصباح تقریباً تین بجے دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی میت پٹنہ لے جائی گئی اور 30 نومبر 1979 کو شاہ گنج قبرستان میں تدفین ہوئی۔

سہیل عظیم آبادی کی زندگی اس بات کی گواہ ہے کہ قلم محض اظہار کا وسیلہ نہیں بلکہ ظلم، ناانصافی اور غلامی کے خلاف مزاحمت کا ایک مؤثر ہتھیار بھی ہے۔ اردو زبان، قومی اتحاد، انسان دوستی اور آزادی اظہار کے لیے ان کی جدوجہد آج بھی ان کے ادبی اور صحافتی ورثے کی صورت میں زندہ ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔